پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی بقاء کی جنگ لڑی ہے ،میر چنگیز خان جمالی ،روز ی خان کاکڑ

منگل 3 اکتوبر 2023 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی اور جنرل سیکر ٹری روز ی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی بقاء کی جنگ لڑی ہے ،کارکن متحد و محترک ہوکر جنرل الیکشن کی تیاری شروع کریںانشاء اللہ آنے والے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔

یہ بات انہوں نے منگل کو صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیاسی وتنظیمی امور، آنے والے جنرل الیکشن کی تیاری اور الیکشن سے متعلق پارٹی عہدیداروں کی تجاویز، مرکزی قیادت کا دورہ بلوچستان سمیت دیگر امور پر تجاویز اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایک متفقہ آئین دیا دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ایٹم بم کی بنیاد رکھی، ملک کو ایشین ٹائیگر بنائے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی بقاء کی جنگ لڑی ہے ہر دور میں پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی بات کی جاتی رہی ہے مگر عوام کا پیپلز پارٹی، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ جو رشتہ ہے وہ کبھی بھی ختم نہیں ہو سکتا پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا ان کو نشان عبرت بنانا ہوگاپاکستان کی فوج ہماری فوج ہے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانی قابل فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، جمہوری اداروں کی استحکام ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہی آئند الیکشن جیت کر حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی قیادت اور کارکنوں کی شب روز محنت سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی قوت ابھر کر سامنے آئی پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان میں سب سے زیادہ نشستیں اور اضلاع کے چیئرمینز اور ڈپٹی چیئرمینز جیت کر ثابت کردیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی بلوچستان کی واحد نمائندہ جماعت آور آنے والا حکومت ہم ہی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں دوستوں نے جن معاملات کی نشاندہی کی ہے اس کا نوٹس صوبائی قیادت پہلے ہی لے چکی ہے اور گزشتہ سی ای سی اجلاس میں کارکنوں کے خدشات سے مرکزی قیادت کو تفصیلی طور پر آگاہ کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکن متحد و محترک ھوکر جنرل الیکشن کی تیاری شروع کریں انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت کامیاب ہوکر آئندہ حکومت پیپلز پارٹی ہی بنائے گی اور ایک جیالہ وزیر اعلی بنے گا۔

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹریز حاجی خان محمد بڑیچ، غلام محی الدین رند، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، ریکارڈ سیکرٹری در محمد ہزارہ، آفس سیکرٹری اختر بلوچ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل، پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہ جہان گجر، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے صدر عین الدین کاکڑ، پیپلز انجینئرز فورم بلوچستان کے جنرل سیکرٹری انجینئراحسان خلجی سمیت اراکین صوبائی کونسل، پارٹی عہدیداروں، مختلف صوبائی ونگز کے عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔