Live Updates

عوام نواز شریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں،جاوید لطیف

نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دوست ممالک کا اعتماد صرف نوازشریف پر ہے، لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی ہفتہ 14 اکتوبر 2023 11:22

عوام نواز شریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں،جاوید لطیف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2023ء) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ عوام نواز شریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں، ہمارے قائد ملک کو آزمائش سے نکالیں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ہم نے دسمبر 2021 ء میں کہا تھا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں گے، عوام نوازشریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دوست ممالک کا اعتماد صرف نوازشریف پر ہے،نوازشریف نے ملک کو دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وقت میں ہم پر مقدمات بنائے گئے، جو لوگ آج جیل میں ہیں وہ اللہ پاک کی پکڑ میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، لاڈلا تو وہ ہے جس نے ملک کو تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئرنائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امیر بنانا اور مہنگائی سے جان چھڑانا نوازشریف کا واحد ایجنڈا ہے، عوام سیاسی معاشی استحکام کیلئے نوازشریف کا ساتھ دے، نوازشریف وزیراعظم تھا تو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، اب بھی مہنگائی کو صرف نوازشریف ہی ختم کرسکتا ہے۔

مریم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے134 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ مریم نواز شریف کی یونین کونسلوں کے نمائندوں، کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت، ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، عوام کی خدمت میں صرف نوازشریف اہل قرار پائے ہیں،مہنگائی سے نجات دلانے میں نوازشریف کے سوا سب نااہل ثابت ہوئے، نوازشریف آرہا ہے، مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لارہا ہے، مہنگائی کو ایک ہی شخص نے ختم کیا، وہ ہے نوازشریف۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم تھا تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، نوازشریف گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا، عوام جان چکے ہیں، نوازشریف وزیراعظم ہوگا تو ملک چلے گا، اُن کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانا نوازشریف کا ایجنڈا ہے
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات