ہم 8 فروری کو الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں الیکشن التواء کی باتیں افسوسناک ہیں

نوازشریف کو 7 سال بعد انصاف ملا، ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس بھی مکمل ختم ہو جانا چاہیے، ماضی کے غلط فیصلے عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں۔ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناءاللّٰہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 نومبر 2023 22:57

ہم 8 فروری کو الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں الیکشن التواء کی باتیں افسوسناک ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم 8 فروری کو الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں الیکشن التواء کی باتیں افسوسناک ہیں، نواز شریف کو 7 سال بعد انصاف ملا، ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس بھی مکمل ختم ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ الیکشن کے التوا کی باتیں ہونا افسوس ناک ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 8 فروری کے الیکشن کے لئے مکمل تیار ہے، ہم نے آج پارلیمانی بورڈز کی میٹنگز کے متعلق لائحہ عمل طے کر لیا ہے، قائد نواز شریف ہر ڈویژن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہر امیدوار سے خود ملاقات کریں گے اور اختتام پر  پارٹی اُمیدوار کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قائد نواز شریف کو 7 سال بعد ایون فیلڈ ریفرنس میں انصاف ملا، اللّٰہ نے انہیں سرخرو کیا ہے، العزیزیہ ریفرنس بھی فراڈ ہے جس میں جج ارشد ملک مرحوم کیخلاف فیصلہ آچکا ہے، العزیزیہ کا فیصلہ برقرار نہیں رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس مکمل ختم ہو جانا چاہیے، ماضی کے غلط فیصلوں کو جتنی جلدی ختم کر دیا جائے وہ عدلیہ کے لیے باعث عزت ہو گا، ماضی کے غلط فیصلے عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے قائد ن لیگ نوازشریف کی بریت کے فیصلے پر اپنے بیان میں کہا کہ اللہ پر بھروسہ قیادت کی ایمانداری اور بے گناہی پر یقین ہوتب ہی یہ بات کی جاسکتی ہے، 18جولائی 2017 کو سپریم کورٹ کے باہر گفتگو کا یہ کلپ اس کا ثبوت ہے، میں نے کہاتھا کہ جھوٹے مقدمے ہیں ان میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوگی، نوازشریف کی بریت کے فیصلے اس حقیقت پر مہر لگا دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انشاء اللہ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم پاکستان بنیں گے، نوازشریف نے کبھی ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی، افسوس سیاسی انتقام جھوٹے مقدمات قوم کا قیمتی وقت اور ترقی کا موقع ضائع کیا گیا، مہنگائی بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا اور خارجہ سطح پر تعلقات تباہ کئے گئے۔ قوم کا 190ملین پاؤنڈ سمیت قومی سرمایہ اپنے حواریوں میں بانٹ دیا گیا۔ یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جولائی 2018 میں احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کو سزا سنائی تھی۔