�سمبر سے قبل انتخابات کا شیڈول جاری ہوگا، نواز شریف الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے، قادر مندوخیل

مائنس ٹو کسی پلاننگ کی وجہ سے نہیں ،اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ہوگا،مان لیا نواز شریف کیساتھ ناانصافی ہوئی اب دودھ کا دھلا بنا کر پیش کرنا کہاں کا انصاف ہی ، نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

جمعہ 8 دسمبر 2023 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2023ء) پیپلز پارٹی کے رہنماء قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ لکھ کر لے لیں نواز شریف نااہلی سے نہیں بچ سکتے، وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے، الیکشن کمیشن 16دسمبر سے قبل انتخابات کا شیڈول جاری کردے گا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پیپلز پارٹی قادر مندوخیل نے کہا کہ نواز شریف نااہلی سے بچنے کیلئے سہارا لے رہے ہیں الیکشن رول 57کے سیکشن ای کے تحت ہاں اس میں ترمیم کی گئی ہے کہ سزا پانچ سال ہونی چاہئے، مگر دوسری طرف آئین کا آرٹیکل 62اور 63بڑا واضح ہے اور اس میں کوئی لمٹ نہیں لکھی ہوئی، اب ظاہر سی بات ہے کہ آئین زیادہ سپیرئیر ہے بانسبت الیکشن رولز کے، اب اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سارے تناظر میں نہیں دیکھ رہا کہ نواز شریف الیکشن لڑ پائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مائنس ٹو 100فیصد ہوگا یہ سمجھیں کہ کسی پلاننگ کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے اپنے کرتوت کی وجہ سے ہوگا ۔ایک سوال کے جواب میں قادر مندوخیل نے کہا کہ میاں صاحب سزا یافتہ ہیں اور جیل سے گئے تھے، زرداری اور فریال تالپور نے تو جیل بھگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مان لیا نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اب اس طرح ان کو دودھ کا دھلا بنا کر پیش کرنا کہاں کا انصاف ہی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو سب کو پتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد اگر کسی نے پاس کرائی ہے، شہباز شریف کو پہلی اور آخری مرتبہ کسی نے وزیراعظم بنایا ہے تو پیپلز پارٹی نے، اور یہ آصف علی زرداری صاحب کا کمال تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ووٹر کو آپ کیا سمجھ بیٹھے ہیں، ابھی شیر افضل مروت دیر کے حلقے میں گئے وہاں کتنے لوگ نکلے وہ پورے پاکستان نے دیکھے، اگر الیکشن کے دن اسی طرح سارے کارکن نکل گئے تو کیا مسلم لیگ(ن)ان کی موجودگی میں ووٹ حاصل کرسکے گی ۔ اگر پی ٹی آئی کا امیدوار نہ ہو تو وہ (ن) لیگ کے مخالف کو ووٹ دیں گے ان کو نہیں دیں گے۔