حکمران اشرافیہ کا احتساب کوئی عدالت کر سکی نہ نیب، اب عوام ان کا احتساب کرینگے، سراج الحق

روزانہ 13.6 ارب کرپشن ہو رہی ہے، حکمران ٹولہ کے پاناما لیکس، پنڈورا پیپرز میں نام آئے،یہ توشہ خانہ لوٹنے والے ہیں،امیرجماعت اسلامی

اتوار 31 دسمبر 2023 19:35

حکمران اشرافیہ کا احتساب کوئی عدالت کر سکی نہ نیب، اب عوام ان کا احتساب ..
لوئر دیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2023ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی اور تبدیلی کے دعویداروں نے تباہ کیاہے،یہ پارٹیاں شخصی اور خاندانی بادشاہی چاہتی ہیں۔ 8فروری ملک میں خاندانی بادشاہت کے خواہشمند سیاسی برہمنوں کے سوگ،کشمیر کی آزادی،ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کا دن ہو گا، حکمران اشرافیہ کا احتساب کوئی عدالت کر سکی نہ نیب، اب عوام ان کا احتساب کریں گے،ملک میں 13.6 ارب روپے روزانہ کرپشن ہو رہی ہے، حکمران ٹولہ کے پاناما لیکس، پنڈورا پیپرز میں نام آئے،یہ توشہ خانہ لوٹنے والے ہیں،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں،عوام 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرکے ملک کا مستقبل محفوظ بنائیں،کے پی بد امنی کی لپیٹ میں، اس کے باوجود صوبہ میں الیکشن کا التوا ء عوام کو قبول نہیں ہوگا، بعض لوگ الیکشن ملتوی کرنے کے حامی ہیں، یہ شکست سے خوفزدہ ہیں، جماعت اسلامی ملک میں بروقت انتخابات چاہتی ہے،8 فروری کا الیکشن پاکستان کے روشن خوشحال مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے،قوم کو موقع مل رہا ہے وہ چاہے تو سٹیٹس کو برقرار رکھے اور چاہے تو پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا انقلاب برپا کرے،عوام کے پاس ووٹ کی طاقت سے ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر تیمر گرہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار قومی اسمبلی این اے 7 مولانا محمد اسماعیل کے انتخابی دفتر کے افتتاح، اپنے حلقہ انتخاب این اے 6 میں ووٹرز سے گفتگو اور تاجروں،شہریوں اور مسیح برادری کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی ضلع لوئر دیر اعزاز الملک افکاری و دیگر بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ 76 سالوں سے اس ملک پر 35 جرنیلوں نے حکومت کی اور اس کے علاوہ مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی نے حکومت کی ان تمام لوگوں نے مل کر پاکستان پر سٹیٹس کو کو برقرار رکھا ہے انہی پارٹیوں نے اس ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے تباہ کیا بلکہ مزید قرضہ لے کر پاکستان کے ہر بچے کو قرض کی زنجیروں اور آئی ایم ایف ورلڈ بنک کی رسیوں سے باندھ دیا ہے ان پارٹیوں نے سودی نظام مسلط کیا جو ظلم اور یہودیوں کا نظام ہے اوران پارٹیوں نے سودی نظام کے خاتمے کی بجائے پاکستان پر سودی نظام کو مسلط رکھا آج ان لوگوں کے پاس پاکستانی قوم کو بتانے کے لیے کوئی کارکردگی نہیں ہے یہ ایک سکول،تھانہ،ضلع کو ٹھیک نہیں کر سکے یہ سب کے سب وہی لوگ ہیں جنہوں نے کشمیر کو پاکستان کے حوالے کرنے کی بجائے انڈیا کے حوالے کیاجنہوں نے ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔

جو آج فلسطین ایشو پر امریکہ کے ساتھ اور خاموش ہیں انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کی مذمت میں ایک لفظ نہیں بولا۔سراج الحق نے کہاکہ پیپلز پارٹی،مسلم لیگ،پی ٹی آئی کی حکومتوں کی وجہ سے آج جو بجلی کا ایک یونٹ جس پر 2 روپے خرچ آتا ہے آج پاکستانی لوگوں کو 56 روپے فی یونٹ بجلی ملتا ہے۔ان کی وجہ سے پیٹرول،دیزل،چائے،چینی،دودھ کی قمیتوں میں اضافہ سے گھر میں چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے اب پھر یہ لوگ کہتے ہیں ہمیں پھر اختیار دیں 20 سال پنجاب پر مسلم لیگ ن،15 سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی،9 سال پی ٹی آئی کے پی کے میں حکومت رہی لیکن ان سب کی حکومتوں میں عوام کے مسائل میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔