عوام بلاول بھٹو زرداری کی طرف دیکھ رہے ہیں عوام کی قوت سے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائینگے،نثار کھوڑو

بدھ 10 جنوری 2024 22:31

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2024ء) پیپلز پارٹی نے صوبائی صدر نثار کھوڑو کو صوبائی اسمبلی پی ایس 15 میروخان پر بطور امیدوار نامزد کرکے پارٹی ٹکٹ جاری کردیا جس کے بعد نثار کھوڑو پی ایس 15 میروخان پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کے طور پر انتخابات لڑینگے۔دریں اثناء نثار کھوڑو پی ایس 17 وارہ، پی ایس 11 لاڑکانہ اور این اے 197 قمبر شہدادکوٹ سے جمع کرائے گئے اپنے کاغذات نامزدگی سے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جا کر دستبردار ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ نثار کھوڑو نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر تین صوبائی اسمبلی کے حلقوں اور ایک قومی اسمبلی کے حلقے پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے نثار کھوڑو کو باضابطہ طور پر پی ایس 15 میروخان پر امیدوار نامزد کرنے کے بعد نثار کھوڑو پی ایس 17 وارہ ، پی ایس 11 لاڑکانہ اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 197 قمبر سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نثار کھوڑو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اعتماد کرکے پی ایس 15میروخان پر امیدوار نامزد کیا ہے اور پارٹی قیادت اور حلقے کے عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔انہوں نے کہاکہ حلقے کی عوام خوش نصیب ہے جن کو قومی اسمبلی پر امیدوار پارٹی کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی اسمبلی پر امیدوار پیپلز پارٹی کا صوبائی صدر ایک ورکر ملا ہے اور ہم حلقے کے عوام کے ساتھی بن کر ان کے مسائل حل کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام، صفائی ستھرائی، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، غریب خواتین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کفالت کرنا، تعلیم اور روزگار کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی بے روزگاری، غربت اور مہنگائی سے مقابلہ کرکے عوام کی زندگی بہتر بنائے گی۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ نوازشریف پہلے کہتے تھے مجھے کیوں نکالا اور الیکشن کے بعد کہے گا کے مجھے کیوں بلایا۔انہوں نے کہا کہ عوام اب بلاول بھٹو زرداری کی طرف دیکھ رہے ہیں اور عوام کی قوت سے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مخالف کتنے بھی اتحاد بنا کر خود کو آزمالیں 8 فروری کو عوام کی قوت سے فتح پیپلز پارٹی کی ہوگی۔#