Live Updates

صنم جاوید کے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے وکلاء نے لاہور ہائی کورٹ میں آرڈر کی مصدقہ کاپی جاری کرنے کی درخواست دے دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 جنوری 2024 12:59

صنم جاوید کے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کے وکلا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صنم جاوید نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 119 اور 120اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 150 سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیئے، جس پر صنم جاوید نے لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے روبرو چیلنج کیا، تاہم اپیلٹ ٹربیونل نے صنم جاوید کی اپیل خارج کر دی اورکاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا تھا، جس کے بعد صنم جاوید نے اپیلٹ ٹربیونل اور آر او کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تو عدالت نے فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاویدکے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کیا ہے، جس میں عدالت نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست خارج کی، اس حوالے سے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ معلوم ہوا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق صنم جاوید کے وکلا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے وکلاء نے لاہور ہائی کورٹ میں آرڈر کی مصدقہ کاپی جاری کرنے کی درخواست دے دی۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا ہے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عمران خان کو ناہل قرار دیا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغزات نامزدگی پر اعتراضات برقرار رکھے گئے اور عدالت نے سابق چیرمین پی ٹی آئی کے دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی بحال کرنے کی درخواست خارج کردی، اس کے علاوہ عدالت نے فواد چوہدری ،حبا فواد، حماد اظہر اور پرویز الہیٰ کو ابھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات