عوام ملک کو بدحال کرنے والی تینوں حکمران جماعتوں کو مسترد کر دے گی

8 فروری قوم کے پاس غلطیاں سدھارنے کا دن ہے، قوم کو حالات بدلنے کیلئے اب آپشن بدلنا ہوگا، روٹی کپڑا مکان، تبدیلی اور ایشین ٹائیگر کے دعویداروں کے پاس کچھ بھی نہیں۔ امیرجماعت اسلامی سراج الحق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 جنوری 2024 19:47

عوام ملک کو بدحال کرنے والی تینوں حکمران جماعتوں کو مسترد کر دے گی
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2024ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا فارمولا ہے۔ عوام ملک کو بدحال کرنے والی تینوں حکمران پارٹیوں کو مسترد کر دے، 8 فروری قوم کے پاس غلطیاں سدھارنے کا دن ہے، نوجوان ملک کو بچانے کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔ قوم کو ملک کے حالات بدلنے کے لیے اب آپشن بدلنا ہو گا۔

جماعت اسلامی کی کامیابی ہی حقیقی معنوں میں عام آدمی کی کامیابی ہے۔ حلقہ این اے 6 دیرپائن کی تحصیل میدان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں یہ اپنا علاج کرا سکیں۔ روٹی، کپڑا، مکان، تبدیلی اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویداروں کے پاس آج اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں، عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملک اور عام آدمی کی ذاتی معیشت میں کوئی فرق نہیں، خزانہ خالی ہے اور کروڑوں افراد مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ امیدوار حلقہ پی کے 18سعید گل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے قومی خزانہ کو باپ کا مال سمجھ کر ہڑپ کیا، توشہ خانہ لوٹنے والوں میں سب کے نام ہیں، اربوں کے قرضے لے کر معاف کرائے گئے، تینوں سابقہ حکمران پارٹیاں ایک ہی سکے کے رخ ہیں، انھوں نے اپنی نسلوں کے لیے مال جمع کیا، عام آدمی کو محروم رکھا، ان کی اولادیں امریکا اور برطانیہ کے اداروں میں پڑھ رہی ہیں، ملک میں پونے تین کروڑبچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جا سکتے، نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود نوکریوں کے لیے دھکے کھا رہے ہیں، ہزاروں مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں، 70 لاکھ نوجوان نشے کے عادی ہو چکے ہیں، سابقہ حکمرانوں کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ انھوں نے نئی نسل کو مایوس کیا۔

ملک کی 65 فیصد یوتھ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں اہم کردار ادا کرے گی، ان سے اپیل ہے کہ اب کی بار سابقہ آزمودہ پارٹیوں کے دھوکے میں نہ آئیں بلکہ ترازو پر مہر لگا کر اپنا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سرکاری زرعی زمینیں نوجوانوں میں تقسیم کرے گی، خواتین کے لیے ہر ڈویژن میں بہترین یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی، بچیوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیں گے، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار الاؤنس ملے گا، انھیں چھوٹے کاروبارکے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، ملک کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔

امیر جماعت نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا، انھیں چین یا یورپ کے کسی ملک میں حکومت مل جائے تو دو ماہ میں خزانہ خالی کر دیں گے۔ آج پاکستان کی معیشت پڑوسی ممالک حتیٰ کہ افغانستان، بھوٹان اور بنگلہ دیش سے بھی کمزورہو چکی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے ہماری پالیسیاں طے کرتے ہیں، استعمار کے وفاداروں نے ہر شعبہ تباہ کر دیا، یہ ہمیشہ امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے سرگرم رہے، انھوں نے واشنگٹن کے خوف سے اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک مظاہرہ تک نہیں کیا، یہ سو سال بھی حکمران رہے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، سٹیٹس کو قائم رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایا ہواہے، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اللہ کی زمین پر بندوں کی نہیں خالق کائنات کی حکمرانی قائم ہو، ہم کامیاب ہو کر ملک میں اسلام کی حکمرانی قائم کریں گے، چیف جسٹس قرآن کے مطابق فیصلے کرے گا، ملک کو سودی معیشت سے نجات دلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستانی عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے، 8فروری کے روز بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور ترازو کا انتخاب کریں، ہم آپ کو خوشحال، کلین گرین، کرپشن فری اسلامی پاکستان دیں گے۔