ضلع حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی 3 اور سندھ اسمبلی کی 6 نشستوں کے لئے 302 امیدوار مقابلے پر

12 لاکھ 25 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹزز حق رائے دہی استعمال کریں گے ،883پولنگ اسٹیشن قائم

بدھ 7 فروری 2024 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) ضلع حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی 3 اور سندھ اسمبلی کی 6 نشستوں کے لئے 302 امیدوار مقابلے پر ہیں، 12 لاکھ 25 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹزز حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے لئے 883 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ان میں سے 168 کو انتہائی حساس اور 375 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں، پولنگ اور ِسیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج کے جوان بھی تعینات ہیں، ہر طرح کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضلع حیدرآباد میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، تحریک لبیک پاکستان، پاکستان مرکزی مسلم لیگ، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، جمیعت علمائے اسلام (ف)، جمیعت علمائے اسلام (س)، جی ڈی اے، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اور بڑی تعداد میں آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

جمیعت علمائے پاکستان (نورانی) کے تمام امیدوار آصف زرداری سے معاہدے کے تحت پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں جن میں جے یو پی کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر بھی شامل ہیں، اے این پی کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں اپنے نام واپس لے چکے ہیں۔

این اے 218 دیہی حیدراباد پر 11 امیدوار ہیں، این اے 219 لطیف آباد پر 40 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، این اے 220 سٹی پر 36 امیدوار مقابلے پر ہیں، اسی طرح پی ایس 60 پر 24، پی ایس 61 پر 22، پی ایس 62 پر 41، پی ایس 63 پر 41، پی ایس 64 پر 45، پی ایس 65 پر 42 امیدوار ہیں، سٹی کی قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لئے 347 پولنگ اسٹیشنوں پر 4 لاکھ 61 ہزار ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لطیف آباد اور سٹی کے علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پر 296 پولنگ اسٹیشنوں پر 4 لاکھ 24 ہزار ووٹر ووٹ ڈالیں گے، اسی طرح قاسم آباد و دیہی علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لئے 240 پولنگ اسٹیشنوں پر 3 لاکھ 39 ہزار ووٹر ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔بدھ کو دوپہر میں پولنگ اسٹیشنوں کے مرد اور خواتین پریزائڈنگ افسران اور پولنگ افسران میں بیلٹ پیپرز سمیت تمام متعلقہ سامان تقسیم کر کے سخت سیکورٹی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا اور اس سامان کی حفاظت کے لئے افسران کے ساتھ سیکورٹی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

پولنگ جمعرات 8 فروری کو صبح 8 بجے شروع ہو گی اور کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، اس میں کسی طرح بھی خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔