آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا،کسی کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے زبردستی نہیں کر سکتے

ن لیگ قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔اسحاق ڈار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 9 فروری 2024 12:16

آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا،کسی کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے زبردستی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار 72 گھنٹے میں کسی جماعت کو جوائن کریں گے، آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ہم کسی کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے زبردستی نہیں کر سکتے۔اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ پہلے ہی عوام کو معلوم ہے۔

ن لیگ کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق ن لیگ قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں نے گریز کیا جانا چاہئیے کیونکہ ہم ای سی پی کے سرکاری مکمل نتائک کا انتظار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موبائل فون سرورس بند ہونے کی وجہ سے رزلٹ تاخیر سے آیا۔

نتائج میں تاخیر نہیں ہونی چاہئیے تھی،نوازشریف نے کہا تھا اکثریت ہو گی تب بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
جبکہ ) ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 30، پاکستان مسلم لیگ (ن) 22اورپاکستان پیپلز پارٹی نے 16نشستیں جیت لی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام 358 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین خان گنڈا پور 92612 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جبکہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان 59364 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح این اے 3 سوات کے تمام 309 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلیم رحمان 81411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے واجد علی خان 27861 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 13 بٹگرام کے تمام 278 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد نواز خان 24686 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ راہ حق پارٹی کے عطا محمد 18130 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے17 ایبٹ آباد2 کے تمام 324 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار علی خان جدون 97177 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

مسلم لیگ کے محبت خان اعوان 44522 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 پشاور کے 267 پولنگ اسٹیشنز میں سے267 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شاندانہ گلزار خان کامیاب قرار پائیں۔ شاندانہ گلزار 78971 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جب کہ جمعیت علماءاسلام کے ناصر خان 20950 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

قومی اسمبلی کے لاہور کے حلقہ این اے 121 لاہور کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر 78803 ووٹ کامیاب قرار پائے۔شیخ روحیل اصغر جن کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے ان کو اس حلقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے حلقہ این اے 130سے کامیابی حاصل کرلی ہے انہوں نے اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ یاسمین راشد کو شکست دی ہے ۔