Live Updates

اہم ترین پاکستانی سیاستدانوں کا 'انڈیا کنکشن‘

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 16 فروری 2024 15:20

اہم ترین پاکستانی سیاستدانوں کا 'انڈیا کنکشن‘

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 فروری 2024ء) نواز شریف، شہباز شریف، بلاول بھٹو اور عمران خان سے لے کر مولانا فضل الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ ہر جماعت کے رہنماؤں کا تعلق کسی نہ کسی صورت میں بھارت سے ہے۔

جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان اور لندن میں مقیم متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی دہلی آمد پر ان کے ساتھ خاصا وقت گزارنے والے بھارتی صحافی وویک شکلا نے ڈی ڈبلیو اردو کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کئی دلچسپ حقائق بتائے۔

عمران خان کا جالندھر سے صدیوں پرانا رشتہ

عمران خان کے نانا ڈاکٹر اکرام اللہ خان جالندھر کے معروف ماہر تعلیم تھے۔ ان کا گھر بستی دانشمندان میں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جالندھر میں اسلامیہ کالج قائم کیا تھا۔

وویک شکلا کا کہنا تھا کہ عمران جب 2007ء میں دہلی آئے تھے تو انہوں نے بتایا، ''میرے نانا کا خاندان تقریباً 500 سال سے جالندھر میں آباد تھا۔

لیکن تقسیم کی وجہ سے وہ لاہور چلے گئے۔‘‘ شکلا کے بقول سن 1983 میں جب پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت آئی تھی تو عمران خان اپنے ماموں کا گھر دیکھنے جالندھر بھی گئے تھے۔

پاکستانی انتخابات کا پھیکا پن اور بھارت

وویک شکلا کے بقول، ''میں عمران خان کو دہلی کی جامع مسجد لے گیا۔ انہوں نے وہاں نماز پڑھی اور افطار کیا اور ایک تقریر بھی کی تھی۔

بعد میں مسجد کے شاہی امام مولانا احمد بخاری نے عمران خان کی ضیافت کا اہتمام کیا تھا۔"

امرتسر سے شریف خاندان کا تعلق

سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے آباؤ اجداد کا تعلق امرتسر کے قریب واقع جاتی امرا گاؤں سے ہے۔ شہبا ز شریف سن 2013 میں بھارت کے دورے کے دوران اپنے آباؤ اجداد کی نشانیاں دیکھنے گئے تھے۔ ان کے والد 1947ء سے پہلے ہی لاہور چلے گئے تھے۔

وویک شکلا بتاتے ہیں کہ اپنے والد کے ساتھ نواز شریف سن 1964 میں جاتی امرا آئے تھے۔ شریف فیملی کی اسٹیل کمپنی 'اتفاق‘ کا بھارت کے نوین جندل کی کمپنی جے ایس ڈبلیو اسٹیل کے ساتھ کاروباری تعلق بھی ہے۔

کیا بالی وڈ بھارت اور پاکستان کو قریب لاسکتا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا، ''یہی وجہ ہے کہ شریف بھائیوں نے بھارت کے خلاف کبھی کوئی سخت بیان نہیں دیا اور اگر کبھی دیا بھی تو پاکستانی آرمی کے دباؤ میں آ کر دیا ہو گا۔

‘‘

بھٹو اور پرانی دہلی کی گلیاں

بلاول زرداری بھٹو غالباً اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہوں گے کہ ان کی جڑیں بھی بھارت سے وابستہ ہیں۔ا ن کے پرنانا شاہ نواز بھٹو کی ایک بیوی عشرت سلطانہ عرف ببو بھی تھیں۔

وویک شکلا بتاتے ہیں کہ ببو اپنے زمانے کی مشہور اداکارہ، گلوکار اور موسیقار تھیں۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کی فلموں میں کام کیا۔

وہ پرانی دہلی کے چاوڑی بازار کی رہنے والی تھیں اور بعد میں ممبئی منتقل ہو گئی تھیں۔ تقسیم کے بعد ببو نے پاکستان ہجرت کر لی تھی۔

کیا دہلی میں پاکستانی شہروں سے منسوب دکانیں محفوظ ہیں؟

بلاول کے نانا اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے بھی ممبئی کے کیتھیڈرل اور جان کینن اسکول اور بعد میں سینٹ زیویئر کالج سے تعلیم حاصل کی تھی۔

وویک شکلا کے مطابق بھٹو کا خاندان سن پچاس کے بعد پاکستان گیا، ''اسی لیے پاکستان سے محبت کے حوالے سے ان پر ہمیشہ طنز کیا جاتا تھا اور شاید ہی وجہ تھی کہ وہ خود کو حقیقی پاکستانی ثابت کرنے کے لیے بھارت کو زیادہ برا بھلا کہتے تھے۔‘‘

سر شاہ نواز بھٹو انڈیا کی تقسیم سے قبل ریاست جوناگڑھ کے وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے ایک ہندو خاتون لکی بائی سے شادی کی، جو بعد میں خورشید بیگم ہو گئیں۔

جب سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تو جوناگڑھ شہر کی جامع مسجد میں ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی تھی۔

الطاف حسین اور ارہر کی دال

ایم کیو ایم رہنما الطاف حسین جب ایک سمینار میں شرکت کے لیے سن 2004 میں دہلی آئے تو آگرہ بھی گئے تھے۔ اس سفر میں شکلا بھی ان کے ساتھ تھے۔وویک شکلا نے ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔ انہو ں نے بتایا، ''میں انہیں آگرہ کے راجہ بازار کی سیر کرا رہا تھا۔

دال کی ایک دکان پر جب میں نے انہیں ارہر کی دال دکھا کر پوچھا کہ کیا وہ اس سے واقف ہیں۔ یہ سن کر الطاف نے کہا کہ ارے یار، میں تو اسے دیکھ کر پاگل ہو جاتا ہوں، اترپردیش یاد آجاتا ہے۔‘‘

پاکستانی کرکٹر حسن علی کے سسراپنی نواسی سے ملنے کے لیے بے قرار

لندن میں جلا وطنی کی زندگی گزارنے والے الطاف حسین کا کہنا تھا، ''وہ بہت ہی بدقسمتی کا دن ہوتا ہے جب میرے گھر میں یوپی، آگرہ، علی گڑھ وغیرہ کی بات نہیں ہوتی۔

‘‘ وویک شکلا بتاتے ہیں کہ پر ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا، ''میری سات پشتیں آگرہ سے ہیں۔ میرے والد راجہ بازار میں ملازمت کرتے تھے۔‘‘

مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی خان

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنما مولانا فضل الرحمان کا بھارت سے رشتہ دارالعلوم دیوبند سے صرف مسلکی حوالے تک محدود نہیں۔ ان کے والد مفتی محمود نے مدرسہ شاہی مرادآباد، اترپردیش سے باضابطہ دینی تعلیم حاصل کی اور بعد میں دارالعلوم دیوبند سے بھی فراغت حاصل کی۔

وہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے بانیوں میں سے تھے۔

مولانا فضل الرحمان دسمبر 2013ء میں دہلی آئے تھے اور مشہور رام لیلا میدان میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

سیما حیدر پاکستانی جاسوس ہیں، یا پھر بھارتی ایجنٹ؟

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کا تو بھارت سے دلی تعلق رہا ہے۔ اس کے موجودہ سربراہ اسفند یا ر ولی خان کے پردادا خان عبدالغفار خان کو بھارت میں سرحدی گاندھی کے نام سے یاد کیا اور نہایت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بھارت نے سن 1987 انہیں اپنے سب سے بڑے شہری اعزاز 'بھارت رتن‘ سے نوازا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام ہی نہیں بہت سے سیاسی رہنما بھی بھارت سے دلی قربت رکھتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات