آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال،وزیر خزانہ عبد الماجد ،سرکاری افسران ،سیاسی کارکنوں و عوامی وفود کی ملاقات

پیر 4 مارچ 2024 23:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال،وزیر خزانہ عبد الماجد ،سرکاری افسران ،سیاسی کارکنوں و عوامی وفود نے ملاقات کی۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آٹھ لاکھ قابض افواج، پیرا ملٹری فورسز اور انتظامیہ کے لاؤ لشکر میں 7 مارچ کو مقبوضہ کشمیر کا نمائشی دورہ کر کے زمینی حقائق کو تبدیل تو نہیں کر سکتا البتہ عالمی برادری کو فریب دینے کی چالبازی اور مکارانہ چال ضرور ہے ،خودار کشمیریوں نے ہر حربہ ناکام اور جعل سازی کے ذریعے دئیے گئے پیکچ ہمیشہ مسترد کئے بلکہ اپنے خون ناحق سے صبح آزادی کی منزل قریب کرتے ہوئے سروں کی فصلیں کٹوا کر کفن کا لباس زیب تن کیا ۔

(جاری ہے)

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ سرزمین فلسطین و کشمیر زندہ انسانوں کیلئے وادی موت کا روپ دھار چکی ہیں ،اس طرح قدیم تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ سے ہونے والے تصادم میں عالمی امن ریزہ ریزہ ہو جائے گا ۔دریں اثنا بھاری اکثریت سے میاں شہباز کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت اور میثاقِ معیشت جمہوری قوتوں کے متفق ہونے سے عالمی بریک تھرو ہو گا لہذا خونریزی روکنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شاید بھول رہا ہے کہ اس نے اس نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو آرٹیکل 370 کی آئینی دہشت گردی سے ختم کر کے ان سے جھنڈا اور ترانہ چھین لیا اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی غرض سے چالیس لاکھ غیر ریاستی افراد کو ڈومیسائل دینے کا ڈھونگ رچایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمنی میں بھارت کی سیاسی عسکری قیادت اور بنیاد پرست متعصبانہ مائنڈ سیٹ کے میڈیا نے تمام حدیں عبور کر دی ہیں ۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان اور کشمیر پر حملوں کی دھمکیاں آ بیل مجھے مار کے مترادف ہے ،اگر بھارتی افواج نے بھولے سے بھی پاک سرزمین کی طرف پیشقدمی کی تو قوم بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اسکا شمشان گھاٹ بنا دے گی ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان پر امن ملک اور اسکے عوام مہذب ہیں جو ہر طرح کی دہشت گردی اور جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے قیام امن میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔