Live Updates

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری،پولنگ21اپریل کو ہوگی

ملک بھر میں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے،قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 13 مارچ 2024 15:06

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری،پولنگ21اپریل ..
اسلام آ باد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مارچ2024 ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا، ملک بھر میں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے،قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2، بلوچستان اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی 1 نشست پرضمنی انتخابات ہوں گے۔

ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 16 سے 18 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 مارچ کو ہوگی، کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ٹریبونل 28 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لئے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

حتمی امیدواروں کی فہرست 29 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور انتخابی نشانات 30 مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات کے بعد چھ حلقوں میں امیدواروں کے انتقال اور کچھ حلقوں میں ایک سے زائد سیٹوں پر جیتنے والے امیدواروں نے قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹ رکھنے کے بعد باقی نشستوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعدعام انتخابات کے بعد 23قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں خالی ہوگئیں تھیں۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-88 کے غیرحتمی نتائج روک دئیے گئے تھے جبکہ این اے-8 پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کر دئیے گئے تھے اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقے رحیم یارخان کے حلقہ پی پی-266 پر انتخابات ملتوی کئے گئے تھے۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 گھوٹکی کا نتیجہ بھی روک لیا گیاتھا۔خیبرپختونخوا اسمبلی پی کے-22 اور پی کے-91 پر انتخابات ملتوی کردئیے گئے تھے جبکہ پی کے-90 کے غیرحتمی نتائج روک لئے گئے تھے۔اس کے علاوہ شہباز شریف،بلاول بھٹو ،مریم نواز،حمزہ شہباز ،عبدالعلیم خان سمیت دیگر سیاستدانوں نے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی اپنی ایک نشست چھوڑ ی تھی ۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات