کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تمام تر کاوشیں جاری رہیں گی، صدر آزاد جموں وکشمیر

پیر 18 مارچ 2024 22:46

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سر چشمہ سمجھا ہے، عوام نے بھی ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد ہو یا عوامی خدمت کے مشن کی بجا آوری ہو عوام ہمیشہ والہانہ اور پر جوش انداز میں میرے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، میں نے کل میرپور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا، آج اسی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کھڑی حاضر ہوا ہوں، 19مارچ کو کوٹلی میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کھڑی شریف میں جلسہ نما افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر سے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین، وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ چوہدری یاسر سلطان، چیئرمین ضلع کونسل راجہ نویداختر گوگا، ڈسٹرکٹ ممبر چوہدری ریاض اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب افطار ڈنر کے سلسلے میں پنڈال پہنچے تو وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین کی قیادت میں کھڑی شریف کی عوام نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا دیدنی استقبال کیا۔

اس موقع پر کھڑی شریف کے نوجوانوں نے بیرسٹر سلطان تیرے جانثار بے شمار بے شمار،کشمیریوں کا حقیقی ترجمان بیرسٹر سلطان بیرسٹر سلطان کے بلند و بانگ نعروں سے پنڈال کی فضا کو گرما دیا۔صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب خطاب کیلئے اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے تو پنڈال میں موجود عوام نے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں قائد کشمیر کا شاندار استقبال کیا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے خطاب کے دوران اسٹیج کے آگے جوشیلے نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے جو مسلسل نعرے بازی کر رہے تھے۔یونین کونسل عزیز پور،یونین کونسل کھڑی خاص، یونین کونسل لہڑی،یونین کونسل سونکیاہ، یونین کونسل پنڈی سبھروال،یونین کونسل افضل پور، یونین کونسل ساہنگ،یونین کونسل جاتلاں،یونین کونسل نواں گراں اوریونین کونسل سموال شریف سے سینکڑوں کی تعداد میں عوام کا جم غفیر قافلوں کی شکل میں عظیم الشان افطار ڈنر میں شریک ہوا۔

عوامی ہجوم اس قدر تھا کہ کھڑی شریف کی سڑک دونوں اطراف سے عملا جام ہو کر رہ گئی ۔عوام کے جم غفیر کی وجہ سے پنڈال میں جگہ کم پڑ گئی بڑی تعداد میں لوگوں نے کھڑے ہو کر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خطاب سنا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کا دائرہ کار ریاست کے اطراف و اکناف تک پھیلائوں گا، تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک اور مشکل مرحلے میں ہر کشمیری کی یہ قومی و ملی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے میدان عمل میں نکل پڑے۔

انہوں نے کہا کہ میں نو مرتبہ ممبر اسمبلی بنا وزیر اعظم بنا اب صدر ریاست کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہوں اس میں کھڑی شریف کے لوگوں کا بنیادی کردار ہے۔ جہاں میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے کوشاں ہوں وہاں میں لوگوں بالخصوص کھڑی کے لوگوں کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے حلقہ کھڑی کیلئے تحصیل بنوانے کا فیصلہ کیا، کھڑی جب تحصیل بنے گی تو رورل ہیلتھ سنٹر پنڈی سبھروال کو تحصیل ہسپتال کا درجہ مل جائے گا۔

صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھاتے وقت میں نے کہا تھا کہ میں نے کسی ملک، کسی ریاست یا کسی صوبے کے صدر کا حلف نہیں اٹھایا بلکہ میں نے آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کا حلف اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا ہو گا۔ آج بھی میری پہلی ترجیح کشمیر ایشو ہے میری عوامی رابطہ مہم کی غرض و غایت بھی کشمیر ایشو کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔

میں نے اپنی صدارت کے اڑھائی سالہ دور میں ریاست کو آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنا کر کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں کما حقہ نبھائیں۔ میں نے بیک وقت تین محاذوں پر کشمیر ایشو کے لیے جدوجہد کی ایک طرف میں نے امریکہ، برطانیہ ،فرانس ،ہالینڈ ،بیلجیئم، او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر جدہ ترکی، دوبئی سمیت متعدد ممالک کے دورے کر کے عالمی سطح پر کشمیر کو اجاگر کیا وہاں کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کر کے انہیں کشمیر کاز کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

دوسری طرف میں نے ریاست کی تمام قیادت کو ایک پیج پر جمع کیا۔ 30جنوری2022کو ایوان صدر میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا، پھر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ 24فروری کو اسلام آباد ، 17مارچ کو مظفرآباد آل پارٹیز کشمیر ریلی کا انعقاد کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کشمیری کشمیر ایشو پر اکٹھے ہیں۔ تیسری طرف میں نے سفارتکاروں کے ذریعے کشمیر ایشو کو اجاگر کیا۔

ایوان صدر اسلام آباد اور مظفرآباد میں مختلف ممالک کے سفیروں سے متعدد ملاقاتیں کیں ان کے ہمراہ پریس کانفرنسز کیں۔ آپ کو یاد ہو گا 24اپریل 2022 کو میں نے کانگریس ویمن الہان عمر کے ہمراہ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کی۔ جہاں پر الہان عمر نے کشمیر کاز کے لیے امریکی کانگریس میں کاکس Caucusبنانے کا اعلان کیا تھا جس پر بھارت تلملا اٹھا تھا اور باقاعدہ امریکہ سے اس بارے میں احتجاج بھی کیا تھا۔

دس جنوری کو برطانوی ہائی کمشنر نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ میری رہائش گاہ چیچیاں میں مجھ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران میں نے برطانوی ہائی کمشنر کو کشمیر ایشو پر بریف کیا یہ کسی بھی برطانوی ہائی کمشنر کا آزاد کشمیر کا پہلا دورہ تھا جس پر بھارت سیخ پا ہو کر سراپا احتجاج ہوا تھا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 7اکتوبرسے لے کر اب تک اسرئیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں غزہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے غزہ میں انسانی حقوق مکمل طور پر پامال ہو چکے ہیں خوراک ادویات سمیت ضرورت کی ہر قسم کی چیز کی سپلائی بند ہے پانی بجلی تک کی فراہمی بندش کا شکار ہے ۔

غزہ کے موجودہ حالات کی وجہ سے دنیا میں ہر انصاف پسند صاف دل اورزندہ ضمیر رکھنے والا شخص رنجیدہ و افسردہ ہے۔اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اسرائیل حماس تنازع کا حل نکالنا ہو گا اس تنازع کا واحد حل خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے انہوں مزید کہا کہ میں آج اولیا کی دھرتی کھڑی شریف میں کھڑے ہو کر ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی ریاست کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے اور کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے میری تمام تر کاوشیں جاری و ساری رہیں گی۔

آج کھڑی شریف کی غیور عوام نے جس ولولے جس جوش جس محبت و عقیدت سے میرا والہانہ اور پر تپاک استقبال کیا ہے میں دل کی عمیق گہرائیوں سے اہلیان کھڑی شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کھڑی میرا آبائی حلقہ ہے میرا دل بھی چاہ رہا تھا کہ آپ سے ملاقات کروں کھڑی کے عوام نے ہمیشہ کڑے اور کٹھن حالات میں پوری استقامت اور جواں مردی سے میرا ساتھ دیا ہے انشا اللہ یہ ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

حلقہ کھڑی شریف کے جملہ مسائل کو پہلی فرصت میں حل کیا جائے گا کھڑی شریف میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 15کلو میٹر سڑکات کی پختگی ہو چکی ہے۔ 30کلو میٹر کی سڑکات پر کام جاری ہے چیچیاں دربار تک چک صادر روڈ مکمل کروائیں گئے۔ کھڑی شریف دربار کی اپ گریڈیشن کروائیں گئے، یہاں بائی پاس بنوایا جائے گا۔ رورل ہیلتھ سینٹر پنڈی سبھروال کی اپ گریڈیشن کریں گے۔

ایجوکیشن پیکج اور ہیلتھ پیکج کے لیے چوہدری ارشد حسین نے ساڑھے تین کروڑ منظور کروائے ہیں حلقے میں بجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ کھڑی شریف کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے چوہدری ارشد حسین آپ کے نمائندے ہیں جو حلقہ کھڑی شریف کی تعمیر و ترقی میں شبانہ روز مصروف عمل رہتے ہیں میں انہیں اس حوالے سے وقتا فوقتا ہدایت بھی کرتا رہتا ہوں۔