وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مقبوضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش

کشمیری اپنی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اقوام متحدہ کا چارٹر انہیں اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کا پورا حق دیتا ہے،چوہدری انوارالحق

ہفتہ 30 مارچ 2024 13:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے مظفرآباد میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، جبری گمشدگیاں، خونریزی ، تشدد اور بے گناہ لوگوں کا قتل روز کا معمول بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5اگست2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کو جموںوکشمیر اور پاکستان کے عوام کیساتھ ساتھ دنیا کی تمام مہذب اقوام نے مستردکیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اقوام متحدہ کا چارٹر انہیں اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کا پورا حق دیتا ہے۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ صحافی کشمیر کاز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت میں جوں جوں انتخابات قریب آرہے ہیں، مودی حکومت قوم پرستانہ جذبات کو ہوا دینے اور مسلم مخالف بیان بازی کے اپنے مذموم عمل میں تیزی لا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اپنے ہندو توا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے مسلمان اور پاکستان مخالف بیان بازی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے۔