Live Updates

ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے گھر پولیس کا چھاپہ

کسی کو گرفتار نہیں کیا، ریلی نکلنے کی اطلاع پر سکیورٹی کے لیے نفری گئی تھی۔ پولیس کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اپریل 2024 12:46

ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے گھر پولیس کا چھاپہ
وزیر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2024ء ) پنجاب میں ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے وزیر آباد سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 36 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار فیاض چٹھہ کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے، اس حوالے سے پولیس نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس کسی کی گرفتاری کے لیے نہیں گئی بلکہ ریلی نکلنے کی اطلاع پر سکیورٹی کے لیے پولیس نفری گئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے، قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2، بلوچستان اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عام انتخابات کے بعد چھ حلقوں میں امیدواروں کے انتقال اور کچھ حلقوں میں ایک سے زائد سیٹوں پر جیتنے والے امیدواروں نے قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹ رکھنے کے بعد باقی نشستوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعدعام انتخابات کے بعد 23قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں خالی ہوگئیں تھیں، الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے88 کے غیرحتمی نتائج روک دئیے گئے تھے جبکہ این اے8 پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کر دئیے گئے تھے۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقے رحیم یارخان کے حلقہ پی پی-266 پر انتخابات ملتوی کئے گئے تھے، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 گھوٹکی کا نتیجہ بھی روک لیا گیاتھا، خیبرپختونخوا اسمبلی پی کے22 اور پی کے91 پر انتخابات ملتوی کردئیے گئے تھے جب کہ پی کے90 کے غیرحتمی نتائج روک لئے گئے تھے، اس کے علاوہ شہباز شریف،بلاول بھٹو ،مریم نواز،حمزہ شہباز ،عبدالعلیم خان سمیت دیگر سیاستدانوں نے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی اپنی ایک نشست چھوڑ ی تھی ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات