شہریوں بالخصوص تاجروں ،یوتھ کے مسائل کے حل کیلئے حکومت بھرپور اقدات اٹھا رہی ہے،چوہدری انور الحق

جمعرات 18 اپریل 2024 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انور الحق نے کہا ہے کہ شہریوں بالخصوص تاجروں اور یوتھ کے مسائل کے حل کیلئے حکومت بھرپور اقدات اٹھا رہی ہے،یوتھ ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جسے مضبوط کرنے کیلئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔پرائیوٹ صنعتوں کے فروغ اور سرکاری بوجھ کم کرنے کیلئے عملی اقدامات شروع کر رکھے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین یوتھ فاؤنڈیشن سید آصف گیلانی اور مرکزی تنظیم تاجران کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی دعوت پر کشمیر ہاؤس میں بیٹھک ہوئی جس میں مرکزی صدر تنظیم تاجران سردار عبدالرزاق خان،جنرل سیکرٹری سردار وسیم خورشید،سردار ارشاد،مرکزی چئیرمین پروفیسر حبیب ملک،انجینئر وقاص ملک سہیل شجاع سمیت دیگر راہنماؤں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جس میں تاجروں نے حالیہ بجلی مسائل پر ڈیڈ لاک بے جا ٹیکسسز سمیت تاجروں کے جُملہ مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔

انہوں نے اپنی تجاویز میں وزیراعظم کی توجہ مظفرآباد شہر کے ٹریفک مسائل،صحت پانی اور بجلی انفراسٹریکچر، دریائے نیلم پلیٹ لال قلعہ سے دمیل تک جھیلوں کے پروجیکٹ، ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور پاکستانی شیڈول بنکوں پر واجب الادا سوشل کارپوریٹ ریسپانسیبلٹی CSR کی عدم ادائیگی بارے مبذول کروائی جسے وزیر اعظم نے سراہا۔چیئرمین یوتھ فاؤنڈیشن سید اصف گیلانی اور صدر مرکزی تنظیم تاجران عبدالرزاق خان نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے بطور سیاسی کارکن جان پہچان تو بہت پرانی ہے لیکن حُکومتی بریفنگ بطور وزیراعظم پہلی طویل میٹنگ میں سننے کا موقع ملا اس موقع پر وزیراعظم نے وفد کو ایک سالہ حکومتی کارکردگی کے بارے بتایا۔

جس میں سب سے بڑا کام 10 ارب کے اینڈومنٹ فنڈز کے قیام کا عملی مظاہرہ ہے جس میں بیواؤں یتیموں بے گھر،معذور،ٹرانسجنڈر او سینئر شہریوں کو رجسٹرڈ کر کے گھر بیٹھے صحت تعلیم اور ماہانہ مالی امداد کا بیڑا اٹھایا ہے،زکوة و عشر کے محکمے ناکارہ ملازمین کو برقیات کے محکمہ میں شفٹ کیا،جبکہ محکمہ برقیات کے 350 لیجرکلرک ملازمین کو میٹر ریڈر کے کیڈر میں تبدیل کیا،گزشتہ حکومتوں کے ہزاروں ایڈہاک ملازمین جو آخری ایام میں خلاف ضابطہ بھرتی ہوئے کو کالعدم قرار دے دیا جس سے خزانے پر بوجھ کم ہوا ہے،محکمہ زراعت،محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کا نفاذ،محکمہ صحت کے اندر بے ضابطگیوں پر میڈیسن کی خریدو فروخت پر شفاف طریقہ متعارف کروایا ہے جس سے جعلی ادویات اور ٹھیکداروں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔

چا? پتی میرپور اسکینڈل اور سیگرٹ فیکٹری کے ٹیکس چوروں کے اربوں کی کرپشن پکڑی ہے جو بھیڑیوں کا چھاتا تھا۔اسے بے نقاب کیا گیا ہے وزیراعظم نے کہا 90 ارب کا غیر ترقیاتی بجٹ جو تنخواہوں کی مد میں جاتاہے یہ بڑا ظلم ہے ان ملازمین کو فارغ کرناوقت کی اشد ضرورت ہے جو مفت گھر بیٹھے تنخواہ ہڑپ کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا میں خود سرکاری اوقات کے علاوہ پرائیویٹ ذاتی گاڑی استعمال کرتا ہوں مظفر آباد کے سیکریٹریز اور اعلی بیوروکریسی کی گاڑیوں پر ٹریکر لگا دئیے ہیں جو کوہالہ پار نہیں کر سکیں گی اسکے اعلاوہ 400 پرانی گاڑیاں نیلام کر دی ہیں جو اربوں کا بجٹ کھا رہی تھیں اب اس کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑ دیا ہے۔

بلدیاتی اداراجات کو فنڈز مہیا کررہے ہیں جبکہ مظفر آباد میں پن بجلی کے دو نئے منصوبے سعودی حکومت کے تعاون سے لگا رہے جن کا معاہدہ ہو چکا ہے چار سال تک بجلی مسائل ختم ہو جائیں گے،ہنر مند نوجوانوں کیلئے پہلی کھیپ میں ایک 1000ہزار نوجوانوں کو بلا سود سمال قرض کا اجراء کر رہے ہیں۔لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن بھی جلد تکمیل کو پہنچ جائیگا آزادکشمیر کے 10 تھانوں کو آن لائن کر دیاہے۔

آزادکشمیر سے کرپشن کی کوئی شکائت ہو تو مجھے بھیجیں اور اسکا رزلٹ نظر آئیگا تمام اضلاع کی سڑکوں کی تعمیر اور معیار کو روزانہ وڈیو منگوا کر چیک کرتا ہوں راٹھووا ہریام پل میرپور پر کام جلد شروع ہو جائیگا معذور افراد کیلئے مظفرآباد میں یونیورسٹی کا قیام آخری مراحل سے گزر رہا ہے۔اگر دوسال مزید مل گئے تو ریاست کے اندر تاریخی اصلاحات لائیں گے۔

عبدالرزاق خان اور سید آصف گیلانی کا آخر میں کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر کے ساتھ 3 گھنٹے کی طویل میٹنگ اور بریفنگ سے امید کی کرن نظر آ رہی ہے ہمیں من حیث القوم وزیر اعظم کے اچھے کام کی تعریف اور تعاون کرنا چاہیے۔ریاست میں گذشتہ 20 سال سے کرپشن کا ناسور جنم لے چکا تھا جسے موجود حکومت ختم کرنے کے لئیے اقدامات کر رہی ہے جو کہ قابل تحسین ہیں انید ہے کہ اگر یہ حکومت قائم رہی تو یہ ناسور جلد ختم ہو گا کوئی قابل ہو تو شان کئی دیتے ہیں۔