کشمیری عوام نے مودی ،امیت شاہ کے آزاد کشمیر بارے میں احمقانہ بیان بازی کو مسترد کر دیا ہے، چوہدری محمد اکمل سرگا لہ

مقبوضہ کشمیر میں لوک سبھا کے انتخابات ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں،وزیر جنگلات آزاد کشمیر

منگل 21 مئی 2024 23:06

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2024ء) آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات چوہدری محمد اکمل سرگا لہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے مودی اور امیت شاہ کے آزاد کشمیر کے بارے میں احمقانہ بیان بازی سے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا کے انتخابات ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

آزادکشمیر کے عوام سمجھتے ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر کے باشندوں کو پاکستان کے اندر مکمل حقوق اور مراعات حاصل ہیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کی طرح دوسرے درجے کے شہری نہیں سمجھا جاتا۔میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغںی لون کو ہندوستان کی قابض افواج نے ٹارگٹ کر کے شہید کیا۔

(جاری ہے)

شہداء جموں وکشمیر نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تحریک ازادی کشمیر کو اجاگر کیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کی حقیقی سیاسی قیادت نے ہمیشہ ہندوستان کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف جدوجہد کی۔ جموں و کشمیر کی عوام نے کبھی بھی ہندوستان کا غاصبانہ قبضہ قبول نہیں کیا۔کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کو اپنی منزل سمجھا اور شہداء پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں دفن ہوتے ہیں۔

ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کی ہیت کو بدل رہا ہے۔ عالمی برادری ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ بھارت میں الیکشن ہو رہے ہیں اور پاکستان مخالف بیانات کی وجہ سے مودی کو جیت ملتی ہے اس لیے وہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر کے کشمیریوں کے جزبات کے ساتھ کھیل رہا ہے ان منفی پروپیگنڈا کو ناکام بنانا ہر ایک حب وطن کشمیری کی زمہ داری ہینانہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت نے مزید 40کشمیری ملازمین کو سرکار مخالف الزامات پر شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔

یہ اقدام مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے کشمیری ملازمین کی جگہ بھارتی شہریوں کو سرکاری نوکریاں دینے کی مودی حکومت کی ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔ اپریل 2021سے اب تک 59کشمیری ملازمین کو ایسے ہی بے بنیاد الزامات پربرطرف کر کہ بھارتی شہریوں کو نوکریں دی گئی ہیں ایک سوال کے جواب میں وزیر جنگلات نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے آزادکشمیر کے عوام کے لیے 23ارب روپے کا تاریخی پیکج پاکستان کی آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ لازوال محبت کا اظہار ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے خود مظفرآباد آ کر نہ صرف اس تاریخی پیکج کا اعلان کیا بلکہ اسی وقت اس پیکج کی فراہمی بھی یقینی بنا دی گئی جس پر پوری کشمیری قوم انکی شکرگزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام، حکومت اور افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا۔ 8اکتوبر کے ہولناک زلزلہ کے دوران پاکستانی عوام کی محبت آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کو ہندوستان کے میڈیا نے حقائق کے برعکس رپورٹ کیا۔ لیکن ہندوستان کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور ہمارے دل اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہندوستان کا جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا نہ تو کشمیریوں کی ہمدردیاں حاصل کر سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کو گمراہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ تھاجسے حکومت پاکستان نے حکومت آزادکشمیر کے ساتھ مل کر عوامی خواہشات کے مطابق حل کر لیا ہے۔