پی ٹی آئی دور میں بجلی کا یونٹ 17روپے تھا آج 85روپے سے تجاوز کرچکا ہے

بجلی کا یونٹ 100 روپے اور ڈالر 350روپے تک جائے گا، ڈالر مصنوعی طور پر 275روپے پر ہے، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے۔ اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 جولائی 2024 22:07

پی ٹی آئی دور میں بجلی کا یونٹ 17روپے تھا آج 85روپے سے تجاوز کرچکا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2024ء) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں بجلی کا یونٹ 17 روپے تھا آج 85 روپے سے تجاوز کرچکا، بجلی کا یونٹ 100 روپے اور ڈالر 350 روپے تک جائے گا، ڈالر مصنوعی طور پر 275 روپے پر ہے، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر خان ، عمر ایوب خان اور شبلی فراز مشترکہ نیوز کانفرنس کر رہے تھے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، یہ بیان سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، یہ توہین عدالت ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ دے کر پی ٹی آئی کو جان دی، وہ حق دیا جو ہمارا حق تھا، پہلے دن سے ہم اسی کیلئے جدوجہد کررہے تھے، ہماری سیٹوں کو روکنے کیلئے اس طرح کا بیان دیا گیا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے واضح کہا کہ پی ٹی آئی کو اس کا حق دیا گیا۔

موجودہ پی ڈی ایم حکومت بلالینے کی سازش میں برابر کی شریک تھی۔ پی ڈی ایم حکومت فارم 47کی حکومت ہے، ہماری جیتی 180سیٹوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ،وہ دبئی لیکس، اپنی نااہلی اور فارم 47اور کم زرمبادلہ کے ذخائر اور بڑھتی مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کررہی ہے۔ 12کروڑ 80لاکھ رجسٹرڈ ووٹوں میں جو 6کروڑ ووٹ ڈالے گئے تھے ، اس میں پاکستان تحریک انصاف نے تین کروڑ ووٹ لئے ہیں۔

کہتے پی ٹی آئی پر سائفر اور فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے پابندی لگائیں گے، شاید ترجمان ن لیگ کو پتا نہیں کہ ن لیگ کا فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں زیرالتوا ہے۔ ہمارے خلاف فارن فنڈنگ کا جو کیس آیا ، اس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ۔سائفر کیس کا انجام دیکھا جس میں کوئی جان نہیں تھی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں غیرآئینی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ایک سیاسی جماعت ڈکلیئرڈ کیا ہے، 11ججز نے اس کا اعلان کیا ہے۔یہ ن لیگ کے بڑوں کی خواہش ہوسکتی ہے، یہ تین دنوں سے کھچڑی پک رہی تھی، یہ فارم 47کی اقلیتی حکومت ہے، ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی بھی اس معاملے میں حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، تمام جماعتوں سے مطالبہ ہے کہ واضح بتائیں کہ وہ حکومتی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہیں؟پاکستان میں افراط زر زیادہ ہونے لگی ہے، مہنگائی مزید عروج پر جائے گی، بجلی کے نرخ مزید بڑھا دیئے ہیں، پی ٹی آئی دور میں بجلی کا یونٹ 17 روپے تھا آج 85 روپے سے تجاوز کرچکا ہے، بجلی کی قیمت 100 روپے یونٹ پر جائے گا، ڈالر مصنوعی طور پر 275 روپے پر ہے، ڈالر 350 روپے پر جائے گا، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے، مرغیوں کا ریٹ 500 روپے کلو سے تجاوز کرگیا ہے، آٹا چینی دال پیٹرولیم مصنوعات پر80 روپے فی لیٹر پرپی ڈی ایل لگا دی ہے۔