پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

لاہور میں موسمی خرابی سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر،پروازیں ملتان اور پشاور منتقل آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

جمعہ 26 جولائی 2024 13:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2024ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی،صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش اور تیز ہوائوں کے سبب فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو گیا جس کی وجہ سے پروازیں ملتان اور پشاور منتقل کر دی گئیں ، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے د وران ملک کے مختلف شہروں میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رات گئے ہونے والی بارش کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ، واسا افسران و ملازمین نکاس آب کے لیے متحرک نظر آئے۔

(جاری ہے)

واسا لاہور کی طرف سے بارش کا ریکارڈ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 95ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر 63ملی میٹر، گلبرگ میں 65اور اپر مال میں 50ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مغلپورہ میں 66، تاجپورہ میں 46ملی میٹر، نشتر ٹائون میں 62، چوک نا خدا میں 61، پانی والا تالاب میں 89، فرخ آباد میں 66، گلشن راوی میں 78، اقبال ٹائون میں 76ملی میٹر، سمن آباد میں 56ملی میٹر، جوہر ٹائون میں 44اور قرطبہ چوک میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب آپریشن ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر بھی لمحہ بہ لمحہ نکاسی آب کے لیے مانیٹرنگ کرتی رہیں۔

ایم ڈی واسا نے تمام ہیوی مشینری کو زیر استعمال لاتے ہوئے شہر بھر کی میں شاہراہوں کو کلیئر کروا دیا۔پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت مختلف مقامات پر بھی جم کر بادل برسے۔بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہوگئی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔علاوہ ازیں شہر قائد میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

کراچی کے علاقے طارق روڈ، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ پر ہلکی بارش جبکہ ملیر اور کورنگی میں بوندا باندی ہوئی، راولپنڈی میں بھی بادل کھل کر برسے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور موسمی خرابی کی وجہ سے لاہور کا فلائٹ آپریشن کئی گھنٹے تک متاثر رہا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خاص طور پر صبح 3سے 4 بجے کے دوران تیز ہوائوں اور بارش کے دوران لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن فعال نہ رکھا جاسکا اور صبح 4بجے فلائٹس لینڈ کرسکیں۔

اس دوران تین پروازوں کو ملتان اور پشاور اتارا گیا جب کہ دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابوظہبی اور بحرین سے لاہور پہنچی پروازوں کو ملتان ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، ریاض سے پہنچی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو پشاور اتارا گیا۔قطر ایئرویز کی دوحہ کی پرواز 7گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ درجن سے زائد دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔

آئندہ 24گھنٹوں کے د وران ملک کے مختلف شہروں میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہے گی تاہم اسلام آباد، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، خیبر،کرم ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصوراوراوکاڑہ میں بھی تیز ہواں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شام یا رات کے دوران شیخوپورہ، ساہیوال، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نورپورتھل، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔