لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2024ء) امیر
جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فارم سنتالیس والے خیال کریں، خالص عوامی مطالبات کو سیاست کا رنگ نہ دیا جائے،
جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے، کسی کو اچھا لگے یابرا یہی سیاست جاری رہے گی، شدید
بارش اور آندھی کے باوجود آج (ہفتہ) سے
کراچی کا
دھرنا شروع ہوجائے گا، حق دو تحریک بتدریج پورے ملک میں پھیلائیں گے، مطالبات سیدھے سادھے ہیں، حکومت کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے
قطر سے واپسی پر راولپنڈی
دھرنا کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔ نائب امرا
لیاقت بلوچ، میاں اسلم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر
جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر
جماعت اسلامی پنجاب شمالی
ڈاکٹر طارق سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
(جاری ہے)
امیر جماعت حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے نماز جنازہ میں شرکت کے لیے دوحہ گئے تھے۔ آج دھرنے کا نواں روز ہے، شرکاء کا جوش وخروش بڑھ رہا ہے، امیر جماعت
غزہ مارچ کی قیادت بھی کریں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ
جماعت اسلامی نے حکومت کو سات مطالبات پیش کیے ہیں، ہم نے ان مطالبات پر پوری ورکنگ کی ہے اور حکومت کو روڈ میپ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کو ہمارے مطالبات ناقابل عمل لگ رہے ہیں تو
دھرنا اور میڈیا کے سامنے بات کرے۔
عوام آئی پی پیز کے کیپیسٹی چارجز ادا نہیں کریں گے،
بجلی کے بلوں میں سلیب سسٹم ختم کیا جائے، حکمران تیرہ سو سی سی
گاڑیاں استعمال کریں، فری
بجلی، پٹرول اور دیگر مراعات ختم ہونی چاہییں۔ اسی طرح تاجروں اور تنخواہ دار طبقات پر لگائے گئے بے جا ٹیکسز کا خاتمہ چاہتے ہیں، حکومت اشیا خورونوش پر ٹیکس ختم کرے، سٹیشنری پر ٹیکسز ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سودی معیشت کو بتدریج کم کرکے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگا کر اور اپنی مراعات کم کرکے آمدن میں اضافہ کرسکتی ہے۔ تمام مطالبات قابل عمل ہیں۔ ہماری عوامی سیاست سے سیاسی پارٹیوں اور خصوصی طور پر حکومتی پارٹیوں کو تکلیف ہورہی ہے،
وزیراعظم تک اسے سیاست کا رنگ دے رہے ہیں، عوام کی تکالیف کے ازالے کے لیے جدوجہد سیاست ہے تو
جماعت اسلامی یہ سیاست کرتی رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ
جماعت اسلامی کا
دھرنا پوری قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکا ہے۔ لوگ
بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، پوری قوم دھرنے کی پشت پر ہے، دھرنے کے شرکا کا جوش و خروش سب کے سامنے ہے، ہمارے حوصلے پست ہوئے ہیں نہ ہی ہم تھکنے والے ہیں، تصادم سے گریز کی خاطر ڈی چوک نہیں گئے، البتہ تمام آپشنز کھلے ہیں، قومی شاہراہیں بند کرسکتے ہیں اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لیے بھی تاجروں سے بات چیت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کرنا پڑیں گی اور عوام کو ریلیف دینا ہوگا،
دھرنا نویں روز میں داخل ہوگیا شرکاء کو مبارکباد دیتا ہوں۔ امیر جماعت نے اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جدوجہد کے لیے
جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم سب کے لیے حاضر ہے۔
دریں اثنا حافظ نعیم الرحمان نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب کیلئے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو د یتے ہوئے کہا کہ
بجلی کے بل بڑھنے کی وجہ سے ہر گھر میں کہرام ہے، تنخواہ دار طبقہ پریشان ہے، ان پر ٹیکس کا سلیب بھی بڑھا دیا گیا ہے،
مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، جو لوگ کرائے کے گھر میں رہتے ہیں ان کے مسائل ہیں، کرائے اور تنخواہ سے زیادہ
بجلی کا بل آ رہا ہے، بچوں کی
تعلیم کے مسائل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے پوڈ کاسٹ کے دوران کہا کہ ہم
کراچی میں بھی دھرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،
کراچی میں بھی حکومت کے خلاف
دھرنا دیں گے،
دھرنا کب ختم ہوگا یہ حکومت پر منحصر ہے، ہم نہیں جانتے کہ
دھرنا کب ختم ہوگا، جب حکومت مطالبات مان لے گی تو
دھرنا ختم ہو جائے گا۔