Live Updates

عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی پر مظالم کا ڈوزئیر آئی ایم ایف کو پیش کرینگے، فیصل چوہدری

منگل 11 فروری 2025 22:09

عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی پر مظالم کا ڈوزئیر آئی ایم ایف کو پیش ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2025ء)عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ بانی کو اڈیالہ جیل رکھ کر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ،آئی ایم ایف وفد کو پیش کرنے کیلئے ایک ڈوزئیر تیار کرلیا ،پی ٹی آئی پر ڈھائی سال میں ہوئے مظالم سے آگاہ کیاجائیگا،ملک میں رول آف لا ختم کردیا گیا ،دہشت گردی کیخلاف کارروائیاں کی بجائے ایجنسیوں کو پی ٹی آئی کے پیچھے لگادیا گیا ہے،عمران خان نے ججز تقرری معاملے پر وکلا تحریک کا ساتھ دینے کی ہدایت کی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف وفد سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور جوڈیشل کمیشن ارکان کو رابطے کی اجازت دی ہے ، ہم آئی ایم ایف وفد سے رابطہ کریں گے اور اپوزیشن لیڈر ان سے ملاقات بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف وفد کو اڑھائی سال میں ہونیوالے مظالم کا ڈوزئیر بھی پیش کرے گی، ہم نے ڈوزیئر تیار کرلیا ہے جو آئی ایم ایف وفد کو دیں گے، یہ ڈوزیئر حقائق پر مبنی ہے، اڑھائی سال میں جو کچھ ہمارے ساتھ ہوا وہ سب اس ڈوزیئر میں ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ ایس او پی کے تحت عمران خان سے وکلا کی ملاقات ہوئی ہے عمران خان سے بشری بی بی کی ملاقات بھی ہوئی ہے عمران خان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم پاکستانی عدالتی نظام پر اسالٹ ہے، کورٹ پیکنگ پر وکلا تحریک ہے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ججز کو امپورٹ کرکے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ لایا جارہا ہے، بانی نے کہا ہے پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے ،بانی کا موقف ہے کہ پی ٹی آئی کو عوام نے 8فروری 2024کو بھرپور سپورٹ کیا مگر قاضی فائز عیسیٰ نے الیکشن فراڈ کو پورا تحفظ فراہم کیا، بانی نے ہدایات دی ہیں ججز کی اپوئنٹ منٹ پر وکلا تحریک کا ساتھ دیں۔

فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا مفاد اور ملکی مفاد متضاد ہے، بانی نے جو اوپن خطوط لکھے ہیں ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، پاکستان میں رول آف لا کو ختم کردیا گیا ہے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کرنے کے بجائے ایجنسیوں کو پی ٹی آئی کے پیچھے لگایا گیا ہے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ صوابی جلسے پر بانی نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے، بانی کا ٹرائل کنٹرولڈ ماحول میں کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل نہیں دیا جارہا، ہم نے بانی کا ٹرائل کھلی عدالت میں کرانے سے متعلق ایک درخواست بھی دائر کی ہے کل بانی کی گفتگو کو کچھ میڈیا چینلز نے آن ائیر کیا ہم چاہتے ہیں میڈیا جرات کا مظاہرہ کرے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالت کا نظام شفافیت پر چلتا ہے، انسانی حقوق کی 60ہزار پٹیشنز سپریم کورٹ میں پینڈنگ ہیں، سپریم کورٹ کا آڈٹ جو ہوتا ہے اس کے لیے دو ہفتے رکھے گئے ہیں، سپریم اور ہائی کورٹ کو اپنی کتابیں کھولنی چاہئیں، بانی پی ٹی آئی کو سیل سے عدالت کے سوا کہیں نہیں لے جایا گیا، بنیادی اصول انصاف کی فراہمی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کو 40سال بعد سپریم کورٹ نے ایڈمٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی اور بشری بی بی کو اوپن کورٹ میں پیش کیا جائے، بانی کو اڈیالہ جیل رکھ کر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے میڈیا اور وکلا میں پک اینڈ چوز کرکے جیل ٹرائل کے بھیجا جاتا ہے ہمارا یہ حق ہے آپ ہمارا اوپن کورٹ میں ٹرائل کریں، بانی پی ٹی آئی نہ کل ڈان تھے نہ آج ڈان ہیں،جس طرح بنی گالا تھے اسی طرح کھڑے ہیں پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مذاکرات معطل کیے ہیں مگر اپوزیشن سے رابطے میں ہیں، ہم ان لوگوں کو چور کہتے ہیں جن پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں جنھوں نے آتے ہی این آر او لیا، مقصود چپڑاسی والا کیس بھی بند کر دیا گیا، دو بڑی جماعتوں کا اس کے سوا کوئی مطمع نظر نہیں، ہم گرینڈ اپوزیشن الائنس کی کوشش کر رہے ہیں۔خط کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ جواب تو آگیا جس پر ہم نے جواب الجواب بھی دیا شاید تیسرا بھی جائے اور چوتھا بھی آجائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی عمران دراصل عوام اور ان کے درمیان خلیج کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، یہ تلخ حقائق ہیں آج نہیں تو کل ان تلخ حقائق پر غور کرنا پڑے گا۔شاہ محمود قریشی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود پر کون سا الزام ہی وہ اپنی جرات کی وجہ سے جیل کے اندر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی واحد صوبہ سرپلس ہے جس کے ذمہ کوئی قرض نہیں، کے پی میں دہشت گردی مسئلہ ہے کے پی میں لوکل باڈیز کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات