صدر آصف زرداری سے پی پی رہنماؤں کی ملاقات، حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

جانتا ہوں کہ تحریری معاہدے کے نکات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، اتحادی حکومت کے ساتھ چلنا ہماری مجبوری ہے، آئندہ بجٹ آنے تک مسائل کے حل ہونے کا انتظار کریں ۔ صدرمملکت آصف زرداری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 فروری 2025 21:57

صدر آصف زرداری سے پی پی رہنماؤں کی ملاقات، حکومت کیخلاف شکایات کے انبار ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی۔ 25 فروری 2025ء ) صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی وفدنے حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ سماء نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری سے لاہور میں پیپلزپارٹی پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ جس میں سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں نے صدر آصف زرداری کو حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔

جس پر صدر آصف زرداری نے کہا کہ جانتا ہوں کہ تحریری معاہدے کے نکات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، اتحادی حکومت کے ساتھ چلنا ہماری مجبوری ہے۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ آئندہ بجٹ آنے تک مسائل کے حل ہونے کا انتظار کریں ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی وفد نے کہا کہ انتظامی معاملات میں پیپلزپارٹی رہنماؤں کو نظر انداز کیا جاتا ہے، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں بھی ترجیح نہیں دی جاتی۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی وفد نے انتخابی حلقوں کے مسائل سے بھی صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی مختلف اصلاحات پر روشنی ڈالی اور انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے حالیہ دورہ چین بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا چین کا دورہ کامیاب رہا ہے اور ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے اور اسے کامیاب بنائیں گے، چین اور پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں اور چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی۔ آصف زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے ،سندھ میں نئی یونیورسٹیاں، کالجز اور ہسپتال بنائے گئے ہیں، سندھ حکومت نے سیلاب زدگان کیلئے گھر بنائے ہیں اور دیگر صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔