امریکہ صرف اپنے مفادات کا حامی ہے باقی ممالک کی لیڈرشپ کو ٹشوپیپر کی طرح پھینک دیتا ہے

رمضان میں عوام معاشی دہشتگردوں اور مہنگائی مسلط کرنے والوں کے نشانے پر ہیں، دہشتگردی کے آلہ کاروں کا واحد مقصد پاکستان کو خطے میں جوہری طاقت کے قائدانہ کردار سے روکنا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 7 مارچ 2025 21:40

امریکہ صرف اپنے مفادات کا حامی ہے باقی ممالک کی لیڈرشپ کو ٹشوپیپر کی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مارچ 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور کوٹ لکھپت لاہور میں عوامی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ صیام میں عوام دہشت گردی اور مہنگائی مسلط کرنے والے انسان دشمن اور معاشی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں. دہشت گردی کے اِن آلہ کاروں کا اسلام، اخلاق، انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، اِن کا واحد مقصد پاکستان میں عدم استحکام کو بڑھاوا دے کر پاکستان کو خطے میں جوہری طاقت کے قائدانہ کردار سے روکنا ہے۔ بیرونی دشمن قوتوں کے ہر شیطانی حربے کے سدباب کے لیے اندرونی سطح پر اتحاد کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے.

سیاسی بحران تمام بحرانوں کا خالق ہے. قومی سیاسی قیادت سیاسی بحرانوں کا قومی ترجیحات کے لیے قومی ڈائیلاگ کے ذریعے حل نکالے. فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں بہت قابلِ قدر لیکن اب یہ مرحلہ آگیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ، ملک بھر میں پھیلے عدم اطمینان کے سدباب کے لیے ازسرِنو قومی اتفاقِ رائے سے قومی ایکشن پلان بنایا جائے. عوام میں بڑھتے غصہ اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بغاوت، مایوسی کی لہر کو روکنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات وقت کا تقاضا ہیں.

آئین کے نفاذ، قانون کی فرمانروائی اور عدل و انصاف کے حصول کے لیے آزاد عدلیہ ناگزیر ہے.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ داعش دہشت گرد کی امریکہ حوالگی سکیورٹی فورسز کا اچھا اقدام، امریکہ بھی تعریف و توصیف کررہا ہے، لیکن یہ امر سِول، عسکری قیادت، پالیسی سازوں پر عیاں رہے کہ امریکہ صرف اور صرف اپنے مفادات کا حامی ہے اور باقی پوری دُنیا میں جنگ، دہشت گردی، ظلم، قتل و غارت گری مسلط کرنے کے لیے مختلف ممالک کی لیڈرشپ کو  ٹِشوپیپر کی طرح استعمال کرکے کوڑے دان میں پھینک دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی محبت اسرائیل اور ہندوستان کے لیے بھی اپنی بالادستی قائم رکھنے کی بنیاد پر ہے.

لیکن اب یہ کھیل زیادہ دیر نہیں چل سکتا، عالمِ اسلام کو متحد ہونا ہوگا. سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، تحقیقی،  سائنس و ٹیکنالوجی اور عسکری میدانوں میں ترجیحات طے کرنے کے سِوا کوئی چارہ نہیں. خطے میں امریکی اثرات کو روکنے کے لیے پاکستان افغانستان، ایران، سعودی عرب، ترکی سے اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط تر بنائے، بزدلی اور ایڈہاک ازم کی بنیاد پر صرف اپنے ہی عوام کو دبانے سے خرابی، تباہی بڑھے گی.
لیاقت بلوچ نے حافظ عمر فاروق کی جانب سے کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن پر عوامی افطار میں محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی محنت کشون کے بغیر ممکن نہیں.

حکومت، سرمایہ دار اور آجر کا گٹھ جوڑ مزدوروں کے جائز اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق طے شدہ حقوق کے حصول میں سب سے بڑی رُکاوٹ ہے. حکومت آجر اور اجیر کے درمیان قومی چارٹر ازسرِنو ترتیب دے. جماعتِ اسلامی ملک بھر کے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور ساتھ دے گی. محنت کش ماہِ رمضان میں اچھے کردار، محنت و دیانت کیساتھ حصولِ رزق کو شعار بنائیں. مضبوط کردار کیساتھ فرض شناس محنت کش ہی ملک و ملت اور اپنے حقوق کا مضبوط محافظ ہوسکتا ہے۔