علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مار رہا ہے ،یہ اناڑی ہیں ،مریم نواز کے منصوبوں سے موازانہ کر لیں‘رانا مبشر اقبال

افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملے ہورہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے دہشتگرد تنظیموں کو قبائلی علاقوں میں رہنے کی دعوت دی دہشتگردی کا قلع قمع کریں گے ،سپہ سالار بھی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں‘وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

اتوار 9 مارچ 2025 15:20

علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مار رہا ہے ،یہ اناڑی ہیں ،مریم نواز کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)وفاقی وزیر پبلک افیئر یونٹ رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ جب آئے تو ملک ڈیفالٹ کرگیا تھا لیکن شہبازشریف نے بھرپور محنت سے ملک کو ڈیفالٹ سے باہر نکالا،ادارے بہتر ی کی جانب گامزن ہیں،پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے ہمارے کسی سے مراسم نہیں رہ گئے تھے ،موجودہ حکومت نے بھرپور محنت کرکے خارجہ پالیسی کو بہترین کیا، نو مئی کو پی ٹی آئی نے جو کیا وہ بھارت بھی نہیںکر سکا تھا،پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، چھائونیوں میں جلائو گھیرائو کیا ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات پہلے سے بہت بہتر ہو گئے ہیں ،ہم مزید بہتری کے لئے اقدامات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اندھیروں سے اجالوں میں آئے ،مسلم لیگ (ن)نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اب معاشی طاقت بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا، شفافیت اور میرٹ اس حکومت کی ترجیح ہے ۔

انہوںنے کہاکہ چالیس لاکھ لوگوں کو رمضان پیکیجدے رہے ہیں ، اس سے پہلے لوگ یوٹیلٹی سٹورز پر دھکے کھاتے تھے ،چالیس لاکھ لوگوں کو رمضان پیکیج کے پیسے گھروں تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک صوبہ ملا ہے اسے بھی انہوں نے ڈیفالٹ کر دیا ہے ۔علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مار رہا ہے ،یہ اناڑی ہیں ،علی امین گنڈا پور اپنے ترقیاتی منصوبوں کا وزیر اعلی مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں سے موازانہ کر لیں۔

پی ٹی آئی والے بتائیں ان کے دور میں کون سا منصوبہ لگا، اربوں درخت لگانے کا دعوی کیا گیا وہ درخت کسی کو نظر آ رہے ہیں لاکھوں گھر کسی کو نظر آ رہے ہیں بلکہ انہوں نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی ٹیم دن رات محنت کررہی ہے ،گرین پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے ،فوج دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بھرپور طریقے سے جنگ لڑ رہی ہے ،ہمارے افسران اور جوان اپنے ملک کے لئے شہید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے دوسرے ممالک کے ساتھ معاہدے ہو رہے ہیں ،سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ،صنعتوں کو گیارہ روپے اور گھریلو صارفین کو چار روپے یونٹ تک ریلیف دیا گیا ہے ،ہم بجلی کے یونٹ کو پچیس سے چھبیس روپے تک لانا چاہتے ہیں، سولرائزیشن سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پبلک افیئر یونٹ کے ذریعے مسائل حل کریں گے، ہر جگہ پر عوامی مسائل کو حل کریں گے ،ہماری حکومت نے ہی چور بازاری اورکرپشن کو ختم کیا اب بھی اس پر عمل پیرا ہیں۔

عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے یہ تو خلق خدا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ سمیت ہر صوبہ میں دفتر کھولیں گے ، پہلے بھی بڑے فیصلے لئے اب بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بڑے فیصلہ لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملے ہورہے ہیں، بانی نے دہشتگرد تنظیموں کو قبائلی علاقوں میں رہنے کی دعوت دی جو عوام دشمنی پر مبنی فیصلہ تھا، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے افغان حکومت سے بات کریں گے ،لوگوں کی جانوں کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

دہشتگردی کا قلع قمع کریں گے ،سپہ سالار بھی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جادو کی چھڑی کسی کے پاس نہیں ، مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی قیمت کنٹرول میں ہے، روٹی کی قیمت بھی پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، چینی کے ذخیرہ اندوزوں کو گریبان سے پکڑیں گے ۔ا نہوںنے کہاکہ پاکستان نے ایک بڑے دہشتگرد کو پکڑا ہے جس سے اداروں کی نیک نامی ہوئی ،امریکہ بھی تعریف کررہا ہے، ہم خود مختار ملک ہیں ،اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا وہ پہلے بھگتیں ،ہم ان سے انتقام نہیں لے رہے، حکومت نے اپنے کسی سیاسی حریف کو گرفتار نہیں کروایا لیکن بانی نے اپنے دور میں کسی کو معاف نہیں کیا تھا۔