حکومت نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر انرجی کی فی یونٹ قیمت10 روپے مقرر کرکے ظلم کیا ہے

بجلی مافیا اور مفت خوروں نے سولر سِسٹم کے ذریعے سستی بجلی سے بھی عوام کو محروم کردیا ہے، قوم اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بڑے انقلاب کے لیے تیار ہوجائے۔ نائب امیرجماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 مارچ 2025 20:40

حکومت نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر انرجی کی فی یونٹ قیمت10 روپے مقرر کرکے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مارچ 2025) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ اور مِلی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدور اسداللہ بھٹو، مولانا ہدایت الرحمن، مولانا محمد جاوید قصوری، حافظ محمد اسلم، ڈاکٹر طارق سلیم، عبدالواسع اور آزادکشمیر کے صدر مولانا امتیاز صدیقی اور گلگت، بلتستان کے صدر دشیخ علی مرزا نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر میں بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ اور دہشت گرد حملہ نے ملک کو ہِلاکر رکھ دیا ہے۔

یہ دہشت گردی کا غیرمعمولی واقعہ ہے، پاکستان دشمن قوتوں اور اُن کے آلہ کار دہشت گردوں کو پوری قوم اتحاد کی طاقت سے شکست دے گی۔ ایک طویل مدت سے ہم مطالبہ کررہے ہیں کہ بلوچستان کے حالات پر حکومتیں، پالیسی ساز سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور بلوچستان، خیبرپختوں خوا میں دہشت گردی، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری کے لیے تھریٹ کالز اور عوام کے جان مال عزت کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میں وزیراعظم کا اے پی سی بلانے کا اعلان 'دیرآید درست آید' ہی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے ناگزیر ہے کہ ازسرِنو قومی ایکشن پلان بنانے کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امنِ عامہ کے قیام کے لیے ایک پیج پر آئیں۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں روایتی پاور پالیٹکس کے جھگڑوں سے باہر آئیں اور سیاسی، اقتصادی استحکام اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے حقیقی اقدامات کریں۔

مِلی یکجہتی کونسل تمام صوبوں سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان میں مذہبی اور سماجی محاذ پر وحدت اور یکجہتی کی طاقت کو ملک و مِلت کی طاقت بنائے گی۔ دہشت گردی، بیگناہ انسانوں کے قتل و غارت گری، اسلام دشمن قوتوں کی آلہ کاری کا اسلام یا کسی مسلک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ (لاہور) میں علماء کے وفد اور نوجوانوں کی تنظیم شعبان المسلمین کے وفد سے گفگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا عوام کے لیے اطلاعات اور انٹرٹینمنٹ کا اہم ذریعہ ہے لیکن اِس کے سنسنی اور بیدریغ، غیرذمہ دارانہ استعمال نے اِسے گھر، خاندان، سماج اور ریاست کے لیے بڑے چیلنج اور فساد کا ذریعہ بنادیا ہے۔

عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن مفادپرست، بااختیار حکمران مافیاز عوام کو فرقہ پرستی، قومی تعصبات، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے عذاب سے دوچار کررہے ہیں۔ خصوصاً نوجوان نسل کو باہم دست و گریبان کرنا، جذباتی بناکر اُن کی جان سے کھیلنا، بیراہ روی، منشیات کیپھیلاؤ سے اپنا اقتدا سجائے ہوئے ہیں۔ بجلی مافیا اور بجلی مفت خوروں نے سولر سِسٹم کے ذریعے سستی بجلی کے حصول سے بھی عوام کو محروم کردیا ہے۔ حکومت نے نیٹ میٹرنگ کے تحت عوام سے خریدی جانے والی سولر انرجی کی فی یونٹ قیمت تقریباً نصف (10 روپے فی یونٹ) مقرر کرکے ظلم کیا ہے۔ حقوق کے حصول اور تحفظ کے لیے قوم بڑے انقلاب کے لیے تیار ہوجائے۔