وزیراعلیٰ سندھ کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقعے پر تمام انتظامات مکمل کرنے کا حکم

جمعرات 27 مارچ 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقعے پر تمام انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 4 اپریل کو 1973 کے آئین کے خالق، سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کا دن جوش و جذبے سے منایا جائے گا، جس میں ملک بھر کے رہنما اور لاکھوں کارکن شرکت کریں گے، لہٰذا رہائش اور کھانے پینے سمیت تمام انتظامات مکمل کیے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی سے وڈیو لنک کے ذریعے کمشنر آفس لاڑکانہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سینئر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، علی حسن زرداری، سعید غنی، چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنر آفس لاڑکانہ میں ایم این اے خورشید جونیجو، نظیر احمد بگھیو، ایم پی اے جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال، عادل الطاف انڑ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اعجاز احمد لغاری، میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ انور علی لہر، کمشنر لاڑکانہ طاہر حسین سانگی، ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ڈی سی لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا، ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری اور دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 27 دسمبر 2024 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر بہتر انتظامات کیے گئے تھے جن پر کم شکایات موصول ہوئیں، اب 4 اپریل کے انتظامات اس سے بھی بہتر کیے جائیں تاکہ ملک بھر سے آنے والے کارکنوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے ڈی سی لاڑکانہ کو ہدایت دی کہ باہر سے آنے والے پارٹی رہنماؤں کے لیے لاڑکانہ کے ہوٹلوں میں پہلے سے کمرے بک کروائے جائیں جہاں انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزار کے آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک جام نہیں ہونی چاہیے، اس کے لیے پارکنگ ایریا میں اضافہ کیا جائے اور ٹریفک اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں، میونسپل کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی کہ برسی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے، واش رومز کی تعداد بڑھائی جائے، خاص طور پر خواتین کے لیے علیحدہ ٹوائلٹ زیادہ ہونے چاہئیں، مزار کی طرف آنے اور جانے والی سڑکوں کی بروقت مرمت کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور لیڈیز پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 27 دسمبر کے جلسے کے دوران ٹریفک جام ہونے کی شکایات کم تھیں تاہم مزار کے اندر اور آس پاس ٹوائلٹس کی تعداد ناکافی ہے، جسے بڑھایا جائے۔

وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ برسی کے موقع پر ہمیشہ جلسہ ختم ہونے کے بعد ٹریفک جام ہو جاتا ہے کیونکہ ٹریفک پولیس والے بھی واپس جانے کے چکر میں ہوتے ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اب افسران کو تمام گاڑیوں کے نکلنے تک موجود رہنے کا پابند بنایا جائے۔اجلاس میں ایم این اے خورشید جونیجو، نظیر احمد بگھیو، ایم پی اے جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال، عادل الطاف انڑ، اعجاز لغاری نے برسی کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ کمشنر لاڑکانہ طاہر حسین سانگی اور ڈی سی لاڑکانہ نے برسی کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی، ڈی آئی جی لاڑکانہ نے سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام انتظامات عید کی چھٹیوں سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ خود 3 اپریل کو لاڑکانہ پہنچ کر انتظامات کا حتمی جائزہ لیں گے۔