Live Updates

عمران خان سے عدالتی حکم کے باوجود خاندان اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ کرانا توہین عدالت ہے

حکومت اورانتظامیہ عدالتی فیصلوں کا احترام کریں، پرامن احتجاج پر تشدد اورگرفتاریوں سے گریز کرے، ملک کا سیاسی بحران اُم البحران بنا ہوا ہے۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 اپریل 2025 19:56

عمران خان سے عدالتی حکم کے باوجود خاندان اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں معروف سیاسی، سماجی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید ارشد فاروق کے بیٹے کی ولیمہ تقریب اور اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق سلیم، نصراللہ رندھاوا، سید عارف شیرازی، ڈاکٹر جمال ناصر، راؤ محمد اختر، ہارون الرشید، سید عُزیر حامد اور دیگر رہنما موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں عدالتی حکم کے باوجود خاندان اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ کرانا توہینِ عدالت اور بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ عدالتی فیصلوں کا احترام کریں اور پُرامن احتجاج پر تشدد اور گرفتاریوں سے گُریز کرے۔

(جاری ہے)

ملک کا سیاسی بحران اُم البحران بنا ہوا ہے. حکومت اور سیاسی جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آئین، جمہوریت، پارلیمانی اقدار اور عدالتی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی بنیادوں پر سیاسی بحرانوں کا حل نکالیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سونے، تانبے، تیل و گیس کے ذخائر کا دریافت ہونا پوری قوم کے لیے حوصلہ اور خوشی کا باعث ہے۔ قومی وحدت، قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معدنیات، پانی، سی پیک اور قومی شاہراہوں کی تعمیر جیسے قومی ایشوز پر شفاف اور غیرجانبدارانہ متفقہ قومی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔
قومی اور صوبائی حکومتیں اپنی خراب طرزِ حکمرانی (bad governance) سے ملک و مِلت کی رگوں میں قوم پرستی، علاقائیت کا زہر نہ گھولیں، فیڈریشن آئین کے مطابق صوبوں کا حق تسلیم کرے اور صوبائی حقوق کا احترام کیا  جائے۔

صوبوں کے معدنی وسائل کے اختیار اور حقِ ملکیت پر آئین کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم معاشرہ اور خاندانوں میں نکاح، ولیمہ کی تقاریب خاندانی نظام کے استحکام کا باعث ہیں۔ نکاح سُنتِ رسول اللہﷺ ہے اور شادی بیاہ کے موقع پر لڑکے لڑکی کی رضامندی اور والدین کی رضا میں ہم آہنگی نوبیاہتا جوڑے اور والدین و خاندانوں کے لیے عزت و تکریم کا باعث ہوتا ہے۔

مرد اور عورت خصوصاً نوجوان لڑکوں لڑکیوں کے خفیہ تعلقات، زبردستی اور کورٹ میرج کا دھندہ خود نوجوانون کے لیے بڑی رُسوائی کا باعث بنتا ہے۔ برداشت، باہمی احترام، تقویٰ، ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی اور تمام معمولاتِ زندگی میں قرآن و سُنت کی پابندی سے ہی زندگی مثالی اور آسان ہوجاتی ہے۔ سادگی سے تقاریب اور دینی بنیادوں پر رشتوں کا تعین ہی فساد زدہ معاشرے میں گھر اور خاندان کا محافظ ہے۔

لیاقت بلوچ نے امریکی سرپرستی میں ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کی فلسطینیوں پر مسلسل بم باری، انسان و نسل کُشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں معصوم نہتے فلسطینی قتل کیے جارہے ہیں۔ صیہونی ناجائز ریاست نے گزشتہ 36 روز سے بے گھر، تباہ حال فلسطینیوں کی مکمل ناکہ بندی کرکے اُن کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے راستے مسدود اور اسباب بند کردیے ہیں۔

صیہونی ریاست کی یہ ڈھٹائی بین الاقوامی طور پر طے شدہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔ غزہ میں گزشتہ 17 ماہ سے جاری نسل کُشی پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی اور بیبسی انسانیت کی توہین ہے۔ عالمِ اسلام کی قیادت کب تک غفلت، بزدلی اور بیحمیتی کی چادر اوڑھے رہے گی؟ فلسطینی عوام کے جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت کے حوالے سے مسلم لیڈرشپ کا رویہ ذلت اور رُسوائی پر مبنی ہے۔

امریکی اسرائیلی شیطانی گٹھ جوڑ سے خطے کو درپیش سنگین خطرات کے مقابلہ میں عالمِ اسلام کی قیادت بروقت اقدامات کرے وگرنہ یہ آگ پورے مشرقِ وسطیٰ میں پھیلے گی تو پھر اُن کے لیے روکنا ممکن نہیں رہے گا۔ جماعتِ اسلامی 11 اپریل کو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں اور لاہور میں امریکی سفارت خانہ کی طرف امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مارچ ہوگا۔

  13 اپریل کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں عظیم الشان یکجہتی فلسطین ملین مارچ ہونگے۔
لیاقت بلوچ نے 10 اپریل کو مجلسِ اتحادِ اُمت کی جانب سے اسلام آباد میں ''فلسطین اور اُمتِ مسلمہ کی ذمہ داری'' کے عنوان سے قومی کانفرنس کا خیرمقدم کیا۔ کانفرنس میں تمام مسالک کے علماء کرام کی شرکت پاکستان کا مضبوط پیغام ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے شیعہ علماء کونسل کے سینئر رہنما علامہ عارف حسین واحدی، مجلسِ وحدتِ مسلمین کے سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات