بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم اور برآمدات میں اضافہ ہوگا

مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکےگی، صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 اپریل 2025 20:37

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم اور برآمدات میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2025ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی، صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں برآمدات میں اضافے پر مشاورت و تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے حکومتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات اور ان کو قائل کرنے کے بعد بجلی کی قیمتوں کی کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی، پیداواری لاگت کم ہونے سے اضافی پیداوار اور نتیجتاً برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی، صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں تین رکنی وفد نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری اور ظلم و ستم پر بین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھانے اور  پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی ٹیم توانائی کے شعبے میں طویل مدتی اصلاحات لانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات عام آدمی کی زندگی میں آسانی مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جا رہی ہیں۔ مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی اور یہ  مشن جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، جماعت اسلامی کے راہنما لیاقت بلوچ، آصف لقمان قاضی بھی شریک تھے۔