جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمان آج کراچی میں عوامی سمندر سے خطاب کریں گے

جے یو آئی کی اسرائیل مردہ باد ملین مارچ کی تیاریاں مکمل، شہر بھر میں جوش و جذبہ عروج پرپہنچ گیا

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء) جمعیت علما اسلام سندھ کے زیر اہتمام اسرائیل مردہ باد ملین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ یہ تاریخ ساز مارچ آج اتوار 13 اپریل کو سہ پہر 4 بجے شاہراہ قائدین نورانی کباب کے مقام پر منعقد ہوگا۔ مرکزی امیر جے یو آئی، مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ چکے ہیں اور عوامی اجتماع سے خصوصی خطاب کریں گے۔

جے یو آئی سندھ کے ذرائع کے مطابق یہ مارچ اسرائیلی ریاستی دہشتگردی، مظلوم فلسطینی عوام پر مسلسل بمباری اور عالمی بے حسی کے خلاف امت مسلمہ کی جانب سے ایک عوامی ریفرنڈم کی حیثیت رکھتا ہے۔شہر بھر میں قافلوں کی آمد، کراچی عوامی اجتماع کا مرکز تیاری کے قریب ، جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے تمام ضلعی امرا و ذمہ داران کو ہدایت دی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کو یقینی بناتے ہوئے قافلوں کی قیادت کریں۔

(جاری ہے)

قافلے کراچی کے ساتوں اضلاع سے مارچ کرتے ہوئے پنڈال میں پہنچیں گے۔جے یو آئی سندھ کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ "یہ مارچ اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک کوشش ہے، لاکھوں افراد کی شرکت مسلم حکمرانوں کو اپنی ذمہ داری نبھانے پر مجبور کرے گی۔"جے یو آئی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی نے بتایا کہ "شہر قائد کے گلی کوچوں میں دعوتی بینرز، پینا فلیکس، اعلانات، کیمپس اور رضاکاروں کی متحرک ٹیمیں موجود ہیں۔

عوام کی بڑی تعداد مارچ میں شرکت کے لیے پرعزم ہے۔"مارچ کے انتظامات کی نگرانی مولانا حماد اللہ شاہ اور ان کے معاونین جمال کاکڑ، مولانا عبدالقادر، احسان اللہ ہزاروی کر رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اور نظم و ضبط کی ذمہ داریاں انجینئر عبدالرزاق، عابد لاکھو اور سلیم سندھی کی سربراہی میں ہزاروں رضاکاروں کو سونپی گئی ہیں۔مرکزی و صوبائی قائدین کے خطابات، عوامی جوش دیدنی ہوگااسرائیل مردہ باد کانفرنس سے مولانا فضل الرحمان کے علاوہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، انجینئر ضیا الرحمان، مولانا امجد خان، اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔

مرکزی قافلوں کی قیادت جے یو آئی کے مختلف رہنما کریں گیضلع کیماڑی سے قاری محمد عثمان، قاضی فخرالحسن، سید اکبر شاہ ہاشمیضلع غربی سے ڈاکٹر نصیرالدین سواتی، مفتی محمد خالد، قاری یونس، حافظ اشرف مینگلضلع شرقی سے مولانا محمد غیاث، فاروق سید حسن زئیضلع جنوبی سے مولانا نور الحق، بہار کالونی عبد الحق مخلص، کی مارکیٹضلع کورنگی سے مفتی عبدالحق عثمانی، قاری فیض الرحمن عابدضلع ملیر سے مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا اجمل شیرازیضلع وسطی سے مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا زرین شاہ، حبیب اللہ اندھڑمرکزی قافلے مارچ کرتے ہوئے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔

قافلوں کے روٹس کی تفصیلات:ضلع وسطی کے قافلے انکوائری آفس پر جمع ہوں گے، وہاں سے گولیمار، لسبیلہ، گرومندر اور نمائش چورنگی سے گھوم کر خداد کالونی کے راستے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔ضلع شرقی کے قافلے سہراب گوٹھ سے لیاری ایکسپریس وے، حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ، جیل چورنگی اور کشمیر روڈ کے راستے پنڈال تک آئیں گے۔ضلع ملیر کے قافلے قائد آباد، ملیر، ایئرپورٹ، ڈرگ روڈ، شاہراہ فیصل، کارساز پل اور نیشنل اسٹیڈیم سے ہوتے ہوئے جیل چورنگی اور پھر کشمیر روڈ سے مارچ میں شریک ہوں گے۔

ضلع کورنگی کے قافلے بلال چورنگی، گودام چورنگی، بلوچ پل اور شہید ملت روڈ سے جیل چورنگی سے ہوتے ہوئے کشمیر روڈ کے ذریعے شاہراہ قائدین پر پہنچیں گے۔ضلع جنوبی کے قافلے میرا ناکہ پر جمع ہوں گے، جہاں سے گارڈن، لسبیلہ، گرومندر اور پپلز چورنگی سے خداد کالونی کے راستے پنڈال تک پہنچیں گے۔گزشتہ روز جے یو آئی ڈیجیٹل میڈیا سیل سندھ کا ہنگامی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی میڈیا سیل کے رکن مولانا سمیع الحق سواتی، صوبائی کوآرڈینیٹر مولانا حسین احمد آصفی، سید اکبر شاہ ہاشمی، مولانا قطب الدین عابد، مفتی شاہ فیصل برکی کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بھی سیٹ کیے جائیں گے اور فلسطین کا مقدمہ عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

جاری کردہ:مولانا سمیع الحق سواتیڈپٹی سیکریٹری اطلاعات، جے یو آئی سندھ