Live Updates

انجینئر امیر مقام کا28مئی کو زوردار طریقے سے منانے کا اعلان

بھارت نے پہلگام واقعہ پر بغیر ثبوت پاکستان پر الزام عائد کرکے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،اس نے کسی قسم کی جارحیت کی حماقت کی تو قوم فوج کے شانہ بشانہ ہوگی ، وزیرامور

جمعرات 24 اپریل 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، موٹر ویز کا جال بچھایا اور معاشی استحکام لایا،ان کے کارناموں سے نوجوانوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے،بھارت نے پہلگام واقعہ پر بغیر ثبوت پاکستان پر الزام عائد کرکے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،اس نے کسی قسم کی جارحیت کی حماقت کی تو قوم فوج کے شانہ بشانہ ہوگی اور ایسی کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔

جمعرات کو سینئر صحافی حاجی نواز رضا کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے امیرمقام نے کہاکہ نواز شریف کے نام سے مرد آہن ایک اچھی کاوش اور نواز رضا کی یہ پانچویں کتاب ہے اس پر نواز رضا کو داد دیتے ہیں،صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ قومی امور میں اپنی بھرپور کاوش اہم ہے اس پر ان کے لئے دعاگو ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر 28 مئی کا دلیرانہ فیصلہ نہ کرتے تو بھارت کی جارحیت مزید بڑھ چکی ہوتی،28مئی کو اس سال پہلے سے زوردار طریقے سے منائیں گے،پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا دن بھرپور طریقے سے مناکر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان ایک قوت ہے،اس دن میں کشمیر کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کے اپنے دلیرانہ فیصلے سے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنادیا ہے جس سے قوم محفوظ بن گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں موٹر ویز کی تعمیر اہم کارنامہ ہے جس پر قوم کے دل سے ان کے لئے دعائیں نکلتی ہیں،ان کے دور میں معاشی استحکام آیا،انہوں نے جلاوطنی کاٹی،بستر مرگ پر اپنی اہلیہ کو چھوڑ کر وطن واپس آکر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کیا،نواز شریف کے ان کارناموں سے اپنی نوجوان نسل کو بتانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام کشمیر میں ہونے والے واقعہ کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر الزام قابل افسوس اوراس کے بعد بھارتی یکطرفہ اقدامات قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حریت رہنماں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے لیکن ان کا عزم غیر متزلزل نہیں کیاجاسکا،بھارت نے کشمیر کی آئینی حیثیت کا یکطرفہ خاتمہ کیا ہے جس کا مقصد کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل تک اس مسئلہ کو اجاگر کرتا رہے گا اور کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے جناح ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت تک نہیں کی،پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت پر قوم ایک پیج پر ہے،کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی رویہ غیر سنجیدہ اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی جارحیت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارت کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات