Live Updates

ممتاز صحافی محمد نواز رضا کی نئی تصنیف ''مردِ آہن محمد نواز شریف'' کی تقریب رونمائی کا انعقاد

جمعہ 25 اپریل 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ممتاز صحافی محمد نواز رضا کی نئی تصنیف ''مردِ آہن محمد نواز شریف'' کی تقریب رونمائی جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوئی جس میں ممتاز سیاسی و صحافتی شخصیات، میڈیا پروفیشنلز اور کارپوریٹ شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے مشترکہ طور پر کیا۔

تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق نے کی جنہوں نے مصنف کی تحقیق، صحافتی دیانت داری اور نواز شریف کی سیاسی زندگی پر مبنی غیر جانبدار تجزیے کو سراہا۔ اس موقع پر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ محمد نواز رضا ایک بااصول صحافی ہیں جن سے ان کا نظریاتی رشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم حوالہ ثابت ہو گی۔

انہوں نے نواز شریف سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اپنی سفارتی و سیاسی یادداشتوں پر مبنی کتاب تحریر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، موٹر ویز کا جال بچھایا اور معاشی استحکام لایا،ان کے کارناموں سے نوجوانوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے نام سے مرد آہن ایک اچھی کاوش اور نواز رضا کی یہ پانچویں کتاب ہے اس پر نواز رضا کو داد دیتے ہیں، صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ قومی امور میں بھرپور کاوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر 28 مئی کا دلیرانہ فیصلہ نہ کرتے تو بھارت کی جارحیت مزید بڑھ چکی ہوتی،28 مئی کو اس سال پہلے سے زیادہ پرجوش طریقے سے منائیں گے، پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا دن بھرپور طریقے سے مناکر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان ایک قوت ہے، اس دن میں آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کے اپنے دلیرانہ فیصلے سے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنادیا ہے جس سے قوم محفوظ بن گئی۔کتاب کے مصنف محمد نواز رضا نے کتاب تحریر کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد نواز شریف کی بطور وزیر اعظم، وزیر اعلی پنجاب، اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے خدمات کا غیر جانبدار اور تحقیقی جائزہ پیش کرنا تھا۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک نظریاتی سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی اور ملکی ترقی، خصوصا انفراسٹرکچر کے فروغ کو اپنا مشن بنایا۔ انہوں نے محمد نواز رضا کے ساتھ اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز رضا نے ہمیشہ صحافت کو اصولوں کے تحت نبھایا اور اپنے کالموں و تحریروں میں نواز شریف پر تنقید اور تحسین دونوں کو جگہ دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دہشت گردی کا شکار ہے، اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہوگی اور بھرپور جواب دے گی۔ تقریب کے آغاز پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر رانا کوثر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر طارق سمیر، جو کہ محمد نواز رضا کے بھائی ہیں، نے کہا کہ نواز رضا نے اپنی ساری زندگی صحافت کے لیے وقف کی اور ذاتی زندگی سے بڑھ کر قومی مفاد کو اہمیت دی۔

انہوں نے نواز شریف کو ایک محب وطن سیاستدان قرار دیا۔ معروف کالم نگار طیبہ ضیا نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ انہوں نے 2001 میں نواز شریف کا پہلا انٹرویو کیا اور بعدازاں شریف خاندان پر ایک جامع فیچر لکھا۔ انہوں نے نواز شریف کی ملکی ترقی خصوصا انفراسٹرکچر میں کردار کو سراہا۔ پروفیسر طاہر نعیم نے کہا کہ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نواز شریف جیسے تجربہ کار رہنما کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔

تقریب میں ایس ایس پی (ر) جمیل ہاشمی، صحافی حنیف خالد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، خالد عظیم چوہدری، جبار مرزا اور ظفر بختاوری سمیت دیگر شخصیات نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے کتاب کے مختلف پہلوں پر گفتگو کی اور نواز شریف کے سیاسی کردار اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات