Live Updates

بھارت جنگ مسلط کررہا ہے، فوج اور قوم کو تیار رہناہوگا، حافظ نعیم الرحمن

بھارت کی جانب سے جو فالس فلیگ آپریشن کیا گیا اس کے بعد صورتحال زیادہ تشویش ناک ہے، میڈیا سے گفتگو بھارت کے خلاف پوری قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، خلیج میں بھارت اسرائیل اور امریکا کاگٹھ جوڑ بدامنی کا منبع بنا ہوا ہے، امیر جماعت اسلامی

جمعہ 25 اپریل 2025 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ (آج) ہفتہ کو بھارت و اسرائیل کے ہتھکنڈوں کے خلاف پورے ملک میں ہڑتال ہوگی، فوج اور قوم کوجنگ کے لیے تیار رہناہوگا کیونکہ یہ جنگ بھارت مسلط کر رہاہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اس وقت خلیج اور خطے کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے، بھارت کی جانب سے جو فالس فلیگ آپریشن کیا گیا اس کے بعد صورتحال زیادہ تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، خلیج میں بھارت اسرائیل اور امریکا کاگٹھ جوڑ بدامنی کا منبع بنا ہوا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی آج یوم مذمت اسرائیل و بھارت و امریکا منارہی ہے، کل بھارت و اسرائیل کے ہتھکنڈوں کے خلاف پورے ملک میں ہڑتال ہوگی، تمام تاجر تنظیمیں اس حوالے سے تیاری کررہی ہیں اور وہ مظلوموں کے ساتھ ہونے کا اعلان کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن کوئی نیا نہیں یہ اس سے پہلے کا طریقہ کار ہے ، 2000 میں چجی سنگھ پورا میں سکھوں کو قتل کیا گیا اور الزام پاکستان پر عائد کیا گیا، اس کے بعد مستند حوالوں سے بتایا گیا کہ یہ بھارت کا اپنا کیا کرایا تھا، اس وقت بل کلنٹن نے کہا تھا کہ شاید ہمارا دورہ نہ ہوتا تو سکھ نہ مارے جاتے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 1995 میں 6 سیاحوں کا اغوا ہوا، اس کا الزام بھی پاکستان پر عائد کیا گیا ، 2001 میں پارلیمنٹ پر حملے کا جعلی ناٹک کیا گیا اور پاکستان پر الزام عائد کرکے افضل گورو کو بغیر ثبوت سزا دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کو اعتماد میں لے کر ہیجان بکوایا جاتا ہے، یہ انکے جنگی جنون کا شاخسانہ ہے،بھارت نے ہمیشہ منہ کی کھائی ہے اور اس مرتبہ بھی کھائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے درست اقدامات کیے ہیں تاہم دفتر خارجہ کچھ سست رہا، اسے زیادہ متحرک ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بھارت سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں، ہم عرصہ سے یہ کہہ رہے ہیں، ہر گزرتے دن کیساتھ یہ بات ثابت ہورہی ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارت سے صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات