Live Updates

پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی،فیصل معیز خان

پاکستانی عوام آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو جواب دینے کیلئے تیار ہیں،صدر نکاٹی

اتوار 27 اپریل 2025 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری(نکاٹی)کے صدر فیصل معیز خان کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی،بھارت کی جانب سے دریاؤں پر بلا اجازت ڈیمز کی تعمیر، پانی چھوڑنے یا روکنے جیسے اقدامات سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں،بھارت کی دھمکیوں سے پاکستان دبنے والا نہیں ہے،پاکستانی عوام پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے ہر وار کا سخت جواب دینے کیلئے تیار ہیں ۔

صدر نکاٹی نے کاروباری نمائندہ وفد سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کی آبی دہشت گردی دنیا کے سامنے آچکی ہے اور دشمن ملک پاکستان کی زرعی اور معاشی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اب بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

فیصل معیز خان نے کہا کہ بھارت پہلگام میں دہشت گردی کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر پاکستان کو نقصان پنچانے کی ناکام کوشش کررہا ہے لیکن اب بھارتی عوام بھی جان چکے ہیں کہ یہ جھوٹ ہے،بھارت نے یہ ڈرامہ ایک امریکی شخصیت کے بھارت میں دورے کے موقع پرکیا تاکہ امریکا کی حمایت حاصل کرسکے۔

فیصل معیز خان نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان کسی بھی دہشت گردی میں ملوث نہیں،پاکستان کے ہاتھ مکمل طورپر صاف ہیں،وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیرداخلہ نے بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے تاکہ یہ ثابت ہوجائے کہ پاکستان کااس واقعہ میں کوئی کردار نہیں ہے مگر بھارت ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے جو اس کی بدنیتی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ اپنی پاک افواج کے ساتھ آخری دم تک لڑنے کیلئے تیار ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات