Live Updates

بھارت کی جانب سے سفارتی محاذ کو طول دینے کا مقصد آبی جارحیت کا آغاز کرنا تھا،وزیراعظم آزادکشمیر

ہمیں علم تھا کہ بھارت40 ہزار کیوسک کا ریلا دریائے جہلم میں چھوڑے گا،کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا،چوہدری انوارالحق

اتوار 27 اپریل 2025 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سفارتی محاذ کو طول دینے کا مقصد آبی جارحیت کا آغاز کرنا تھا، گزشتہ روز بھی بھارت نے 40 ہزار کیوسک کا ریلا دریائے جہلم میں چھوڑ دیا لیکن آزاد کشمیر حکومت اور ہمارا انفراسٹرکچر اس کیلئے تیار تھے، ہمیں علم تھا کہ ہمارا دشمن کمینہ ہے، ہم مکمل طور پر تیار تھے اس وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، پاکستان ایٹمی طاقت اور امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہے، بھارت پاکستان کی بین الاقوامی سرحدوں کی پامالی کی تو جرآت ہی نہیں کرسکتا، متعدد بار کہہ چکا ہوں اور اس (کہنی) کو بھارتی چینلز نے انتہائی منفی انداز میں توڑ مروڑ کر پیش کیا، اگر یہ آزادکشمیر میں کسی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کریں گے تو پاکستان تو دور کی بات ہے آزادکشمیر میں بھی ہمارے پاس 5 لاکھ ریٹائرڈ فوجی موجود ہیں، ہمارا نوجوان اس پر 100 فیصد متفق ہے کہ اگر اس طرح کی صورتحال ہوئی تو مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہی نہیں بلکہ ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا قرض بمعہ سود ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں، ہمیں 77 سالوں میں بطور کشمیری پاکستان کی قیادت کے رسپانس میں کوئی کمی نظر نہیں آئی، موجودہ سپہ سالار پاک فوج نے کمان سنبھالتے ہی مظفرآباد میں کھڑے ہو کر کہا کہ کشمیر کیلئے 3 جنگیں لڑی ہیں 7 اور لڑنے کیلئے تیار ہیں،یہ فقط الفاظ نہیں ہیں، ان الفاظ کو ماضی قریب میں ہی حقیقت کا روپ بھی دیا جا چکا ہے جیسا کہ ابھینندن بھمبر(میرے حلقہ انتخاب) سے ہی پکڑا گیا تھا اور پھر اسے چائے کی پیالی پیالی کر واہگہ کے راستے رخصت بھی کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہاکہ قانون فطرت ہے کہ جب ‘‘چراغ آخر شب’’نے بجھنا ہو تو وہ پوری قوت سے پھڑ پھڑاتا ہے، مسلمانوں کے لیے بھارت میں اس سے قبل کون سی آسائشیں تھیں مسلمانوں کو تو چھوڑ دیں، وہاں پچھلے دنوں جو دلت بچی کے ساتھ سلوک کیا گیا، اس پر زمین بھی تھرتھرائی اور آسمان بھی کانپ اٹھا ہے، وہاں عیسائیوں کے چرچ جلائے گئے ہیں، وہاں اقلیتوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے، اللہ تعالیٰ کے انصاف کا ایک اپنا نظام ہے، جب وہاں سے فیصلہ کن آواز آتی ہے تو پھر مودی کیا اس جیسی ہر چیز جو بظاہر دنیا کو طاقت کی ایک نشانی بن کر یرغمال بنانے کی کوشش کرتی ہے، وہ تباہ و برباد ہو جاتی ہے، آپ نے دیکھا کہ بھارت 9 لاکھ فوج رکھ کر بھی مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے دل فتح کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے تو پھر ان کی ساری فوجی طاقت کا کیا فائدہ ہی ہمارا موقف واضح ہے کہ دشمن نے اگر جارحیت کی تو ہم جواب کیلئے تیار ہیں، بھارت کی مختلف ریاستوں جیسا کہ ناگا لینڈ، منی پور، آسام اور دیگر میں اندرونی خلفشار بڑھتا جارہا ہے، بھارت ہمیشہ سے پاکستان مخالف بیانیہ کیش کرواتا آیا ہے، ماضی میں بھی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے مودی حکومت نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوتوا فلاسفی یا چانکیا ڈاکٹرائن جیسے انتہاپسندانہ نظریات کو زندہ رکھنے کی شرط اول اور آخر فالس فلیگ آپریشنز ہی ہیں، ان نظریات کی بنیاد جھوٹ اور فراڈ پر ہے اور جھوٹ و فراڈ کے نتیجے میں ہی ایک دن انہوں نے دفن ہو جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو سفارتی محاذ کا جواب سفارتی سطح پر دیا جائے گا اور اگر مودی کے ذہن میں مارنے کا کوئی منصوبہ آیا تو اس بار نہ ہی چائے کی پیالی اور نہ ہی مونچھوں کی سلامتی جیسی کسی چیز کے تحفظ کی کوئی ضمانت دی جائے گی، انشاء اللہ (بدلے کا قرض) 11گنا سود اور نقد کے ساتھ واپس کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ الحمداللہ میرا ایمان ہے کہ میری زندگی کی سب سے بڑی ضامن میری موت ہے، مودی اور اس کی ایجنسز کی ایسی کی تیسی، جب تک آللہ تعالیٰ نے میری سانسیں لکھی ہیں اس وقت تک جسم اور روح کا رشتہ برقرار رہے گا، بطور وزیراعظم آزادکشمیر آئین کا پابند ہوں، حلف لے رکھا ہے کہ بھارت کے کسی توسیعی پسندانہ اقدام جس کی وجہ سے آزادکشمیر، مملکت خداداد پاکستان یا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی دہشتگردی یا فسطائیت میں اضافہ ہو اس کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونا اور اس کا مقابلہ کرنا ہے، کوئی معذرت خواہانہ رویہ نہیں اپنائیں گے، اپنے بیانیے میں کوئی کمی نہیں لائیں گے بلکہ گفتگو کا جواب اسی طاقت و دلیل سے اور اگر وہ (ہندوستان) کوئی عملی صورت اختیار کرتا ہے تو اس کا جواب عمل کی صورت میں اس سے زیادہ بھرپور قوت اور طاقت سے دیا جائے گا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات