Live Updates

بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کاآغاز کیا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا،جماعت اسلامی فیصل آباد

اتوار 27 اپریل 2025 19:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ،میاںانوارالحق ایڈووکیٹ،میاںطاہرایوب،یاسر کھاراایڈووکیٹ نے کہاہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کاآغاز کیا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔حکومت سے اختلافات اپنی جگہ لیکن دشمن کے مقابلے پر متحدہیں ،قومی سلامتی پرآنچ نہیںآنے دیںگے۔

سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا، بھارتی اقدامات جنگ مسلط کرنے کی کوشش ہے، عالمی برادری مودی سرکار کے پاکستان کو بنجر بنانے کے بیان اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ حکومت بھارتی اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے اقدمات کی وجہ خطے میں ہولناک صوتحال پیدا ہوگئی ہے، ان حالات میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پوری قوم کو اکٹھا کرے۔

(جاری ہے)

بھارت امریکہ اور اسرائیل کی شیطانی مثلث کے خلاف لوگوں کو متحد کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ بھارت سے تجارت کا فائدہ پاکستان کو نہیں ہے، بھارت تجارت کرتا ہے اور دوسری طرف ہمارے لوگوں کو قتل کرتا ہے۔جب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا بھارت سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں، اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اپنا کردار ادا نہیں کیا جارہا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے پوری طرح متحد ہیں۔ ملک دشمن بھارت کے اوچھے فسطائی ہتھکنڈوں کے مقابلہ میں پاکستانی مِلت سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت فوج اور تمام سکیورٹی ادارے بھی عوام میں کامل یکسوئی کیساتھ اعتماد کی بحالی کے لیے ہر ممکن فوری اقدامات کریں۔ حکومت قومی کانفرنس بلائے اور تمام زیرالتواء ایشوز کے حل کے ساتھ بھارتی جارحیت کے مقابلہ کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات