Live Updates

وفاقی وزیر احسن اقبال کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کا برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ،اقتصادی، توانائی ،سٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

پیر 28 اپریل 2025 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی، توانائی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات جناب احسن اقبال نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ترکمان قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران وہ ترکمانستان کے سابق صدر سے ملاقات کر چکے ہیں اور اب ان کے صاحبزادے سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے ترکمانستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی، جسے صدر نے بخوشی قبول کیا۔

دونوں رہنماں نے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-بھارت (تاپی )گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے اپنی پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اسے تمام فریقین کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستانی بندرگاہیں، خاص طور پر گوادر، ترکمان ہائیڈروکاربن برآمدات کے لیے نیا اور اہم راستہ فراہم کر سکتی ہیں۔اقتصادی تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے، احسن اقبال نے تجارتی حجم کو 4 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جس پر ترکمان صدر نے مثبت انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مواقع کے پیش نظر باہمی تجارت کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔

پاکستان نے ترکمانستان کو اعلی معیار کے سرجیکل آلات، دواسازی کی مصنوعات اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے سفید سنگ مرمر کی برآمد کی پیشکش بھی کی۔صدر بردی محمدوف نے سائبر سیکیورٹی اور آبی وسائل کے انتظام کے شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکمانستان نے پاکستان کی قیادت کو ترکمانستان کی غیرجانبداری کے 30 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ ایک اہم پیش رفت کے طور پر، ترکمانستان نے سرہت آباد میں پاکستانی لاجسٹکس حب کے قیام میں سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ملاقات میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی، توانائی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات