Live Updates

پھلگام واقعہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے،ملی یکجہتی کونسل سندھ

اس کی آڑ میں اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو پاکستانی افواج کے ساتھ پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی،اسد اللہ بھٹو کی زیر صدار ت اجلاس دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کی بھی شدید مذمت اور نہروں سمیت کارپورٹ فارمنگ منصوبہ ختم کرنے کا مطالبہ ایس آئی ایف سی کو فوری ختم کیا جائے، ایس آئی ایف سی نے سی سی آئی کو کمزور کر دیا ہے،ملی یکجہتی کونسل سندھ

منگل 29 اپریل 2025 03:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ملی یکجہتی کونسل سندھ کا اجلاس پیر کو ادارہ نور حق میں صوبائی صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں بھارتی آبی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پھلگام واقعہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے جس میں بھارت کے ساتھ امریکہ و اسرائیل بھی اس سازش میں شریک ہیں ۔

اس واقع کی آڑ میں اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو پاکستانی افواج کے ساتھ پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی ، اجلاس میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کی بھی شدید مذمت کی گئی اورنہروں سمیت کارپورٹ فارمنگ منصوبے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ جس طرح سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی لائف لائن ہے اسی طرح دریائے سندھ بھی سندھ کی لائف لائن ہے۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی کو فوری ختم کیا جائے، ایس آئی ایف سی نے سی سی آئی کو کمزور کر دیا ہے ۔ اجلاس میں کراچی تا کشمور سمیت ملک بھر میں اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کامیاب اور تاریخی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال ، بڑے بڑے مارچ و مظاہروں پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ حکمران خواہ کتنی ہی بزدلی کا مظاہرہ کریں ، عوام اہل غزہ کے ساتھ ہیں ، اجلاس میں عوام سے صہیونی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ،اجلاس میں صوبائی صدر اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ پر نئی نہریں سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ہے ، یہ سندھ ، پنجاب کو آپس میں لڑانے اور نفرتوں کے فروغ کی سازش ہے ، اس لیے وکلاء کے مطالبات کو تسلیم کر کے اس منصوبے کو مستقل بنیادوں پر دفن کیا جائے ، اجلاس میں علامہ عقیل انجم قادری ،علامہ قاضی احمد نورانی ، محمد حسین محنتی ، علامہ صادق جعفری ، علامہ حزب اللہ جھکڑو ، مفتی اعجاز مصطفیٰ ، مولانا محمد ثقلین ، حافظ نصر اللہ چناء ، ڈاکٹر صابر ابو مریم ، ممتاز رضا سیال ، عبد العظیم اور مجاہد چناء شریک تھے ۔

آخر میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی کی والدہ ، غزہ کے شہداء و دیگر مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات