Live Updates

ساہیوال ،وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کرنا من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے ،مولانا عبدالخبیر آزاد

منگل 29 اپریل 2025 17:58

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ڈویژنل انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتما قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آرپی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر الرحمن، ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت سمیت دیگر ضلعی افسران، قاضی، عبدالغفار قادری، علامہ حیدر نجفی، مفتی اسحاق ساقی، مولانا محمد احمد، علامہ ارشد عابدی، مولانا ڈاکٹر مختار احمد ندیم، مفتی شفیق اعوان، مولانا عبدالستار نیازی، مفتی مفتح محمد راشدی، ساہیوال سے مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، قاری عمربن عبدالعزیز، صاحبزادہ سید عبدالقادر آزاد، سید محمد عبدالبصیر آزاد، حاجی غلام حسین قریشی، علامہ شکیل الرحمن، مولانا احسان صدیقی، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیاء المصطفی، مینجر اوقاف حسنین احمد سمیت ڈویژن بھر کے تمام مسالک کے جید علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بناکر اور قومی پرچم لہرا کروطن سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے جو اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا اور لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے قومی یکجہتی،مذہبی ہم آہنگی اور ملکی وحدت کو پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کرنا من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے،جس کو ہم سب مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمارا ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو مودی حکومت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی،انڈیا نے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ہم اپنے سپہ سالار کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے،ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست، پاکستانی عوام اور اُمت مسلمہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،ظالم اسرائیل فلسطین و غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے،تمام اسلامی ممالک غزہ و فلسطین پر اسرائیلی حملے اور جارحیت رکوانے کیلئے فیصلہ کن مؤثر کردار ادا کریں،آج ہمیں پُر امن احتجاج کرنا ہے جو کہ ہمارا حق ہے ملک کے املاک کو نقصان پہنچانا دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے،مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وہ شب و روز پنجاب کی ترقی و خدمت میں پیش پیش ہیں جس میں صاف ستھرا پنجاب،خواتین کے حقوق،پنجاب تعمیر و تعلیم،صحت کی بہترین سہولتیں،مذہبی ہم آہنگی اورامن کے قیام میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب کروانے میں ہمارا ساتھ دیا۔

کمشنرساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ نماز جمعہ کے خطبات میں عوام کو قومی یکجہتی کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے عوام پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواسکا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آرپی او محبوب رشید نے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام،امن کمیٹیوں کے عمائدین اور شرکاء کاساہیوال ڈویژن میں قومی یکجہتی کانفرنس میں تشریف آوری پر شکریہ اداکرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعاء کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات