پیپلزپارٹی کراچی کے مسائل حل اورعوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ،ْمنعم ظفر خان

پیپلزپارٹی کراچی دشمنی ترک ،وڈیرانہ و جاگیردارانہ ذہنیت سے باہرنکلے ،ْ ادارنورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 29 اپریل 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی 17سال سے حکومت کررہی ہے لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل اور شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،پیپلزپارٹی کو اپنی کراچی دشمنی ترک اور وڈیرانہ و جاگیردارانہ ذہنیت سے باہرنکلناہوگا اور عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے ،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کو کراچی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،دونوں پارٹیوں کی نورا کشتی جاری ہے لیکن وزارتوں اور مراعات کے حصول میں ایک ہیں ،جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی ،سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نااہلی کے باعث شہر میں مسلح ڈکیتی واسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ 3ماہ میں 17ہزار سے زائد وارداتوںمیں 34افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیںجبکہ ہیوی ٹریفک و دیگر حادثات میں 292شہری جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے 91واقعات صرف ہیوی ٹریفک کی وجہ سے رونما ہوئے ہیں،پولیس شہریوں کو ڈاکوؤں سے تحفظ دینے اور ہیوی ٹریفک کو روکنے کے بجائے موٹر سائیکل سوار وںکو روکنے اور مال بنانے میں لگی ہوئی ہے،باعزت ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے شہری چنگ چی رکشوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں،شہریوں کے لیے ماس ٹرانزٹ اور سرکلر ریلوے کا نظام کیوں نہیں بنایا جاتا ،34افرادٹرالر،22ٹینکر اور 18افرادڈمپر کی ٹکر سے ہلاک ہوچکے ہیں،وزیر داخلہ ، وزیر ٹرانسپورٹ آئی جی اور ڈی آئی جی جواب دیں کہ انہوں نے شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے ،حکومت بتائے کہ اس نے ٹینکر و ڈمپر مافیا کے لیے کیا روڈ میپ بنایا، نویں ،دسویں کے امتحانات جاری ہیں،حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے باعث طلبہ دریوں پر بیٹھ کرامتحان دینے پر مجبور ہیں ،جبکہ دوسری طرف 12/12گھنٹے کی لوڈ شیدنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب بنائی ہے اور طلبہ کو بھی امتحانات کی تیاری میں دشوار ی کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اہل غزہ سے اظہار یکجہتی جاری رہے گی ،27اپریل کو الخدمت فائونڈیشن نے اہل غزہ کے لیے چالیس ٹن کی 24ویں امدادی کھیپ روانہ کی ہے ، ہمیں ان تمام صیہونی مصنوعات جو براہ راست یا بالواسطہ اسرائیل کو معاشی فائدہ پہنچاتی ہیں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، جماعت اسلامی بائیکاٹ مہم مزید تیزکرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر نائب امیرکراچی راجہ عارف سلطان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،سیکریٹری پبلک ایڈکمیٹی نجیب ایوبی اورسینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ کینال منصوبہ کی تعمیر کے حوالے سے سندھ میں کئی مقامات پر دھرنے جاری ہیں،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے بجائے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،تشددکے اس عمل میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی اتحادی ہیں،کینال منصوبے پر پیپلزپارٹی کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیئے تھا کیونکہ ا س منصوبے کے نتیجے میں سندھ کے کسان ، زمینیں،آبی ماحولیات ،سمندری حیات تمام ہی اشیاء کے متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں،اسی وجہ سے دھرنے دینے والوں میں سول سوسائٹی ،وکلاء اور سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شدید گرمی کے موسم میں شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے ، کے فور منصوبہ مسلسل تعطل کا شکارہے ، پروجیکٹ کاسٹ کئی گنا بڑھ چکی ہے ،گزشتہ 20سال سے کراچی کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا ، شہر میںآئے دن پانی کی لائنیں پھٹ جاتی ہیں اور لوگ اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں ،صاف پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہوتاہے ، ایک بار پھریونیورسٹی روڈ پر84انچ کی پانی کی لائن ٹوٹ گئی ہے ، جگہ جگہ صاف پانی ضائع ہورہا ہے ۔

وال مینز جو ایک مخصوص پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ان کا اپنا دھندا چل رہا ہے ، ٹینکر مافیا پیسے کمانے میں مصروف ہیں، پانی ادھر موڑدو ، پانی ادھر موڑ دو اور اس دھندے کے تانے بانے بلاول ہائوس تک پہنچتے ہیں ،قابض میئر مرتضیٰ وہاب واٹر اینڈ سیوریج کارپویشن کے چیئرمین بھی ہیں اور یہ سب کچھ ان کے آشیرباد سے کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ جاری ہے ، جماعت اسلامی نیپرا میں ،عدالتوں میں اہل کراچی کا مقدمہ لڑرہی ہے ، مسائل کے حل کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے ، ہم عوام کے مسائل حل کرکے دم لیں گے ۔