بھارت نے حملہ کیا تو سکھ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہوں گے،گرپتونت سنگھ

اتوار 4 مئی 2025 13:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پنجاب سے پاکستان پر حملہ کیا تو سکھ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہوں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطاق گرپتونت سنگھ پنوں نے پاکستان کی نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال بھارت نے حملہ نہیں کیا لیکن پاکستان کو ہرگز اطمینان سے نہیں بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ بھارتی نہیں بلکہ پنجاب کے باشندے ہیں اور پنجاب کو آزادکروا کر خالصتان بنوانا چاہتے ہیں۔ سکھ رہنما نے کہاکہ پاکستان اوربھارت میں مسلمانوں اور سکھوں کا دشمن صرف ہندوتوا کی سوچ نہیں بلکہ بھارت ہے کیوں کہ 1948میں نہ مودی تھا نہ ہندوتوا۔

(جاری ہے)

اس لیے بھارت کا وزیراعظم کوئی بھی ہو اس کا اصول یہی ہوگا کہ اقلیتوں کو مارا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پنجاب سے پاکستان پر حملہ کیا تو سکھ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہوں گے اور بھارتی ٹینکوں کا رخ موڑ دیں گے بشرطیکہ پاکستان حکومت اور فوج سکھوں اور پنجاب کا ساتھ دے اور اقوام متحدہ کے تحت خالصتان کے ریفرنڈم کو آگے بڑھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے اندر موجود سکھ جانتے ہیں کہ ان کا اصل دشمن پاکستان نہیں بلکہ بھارتی سسٹم ہے اور وہ مودی کی جنگ نہیں بلکہ پنجاب کی آزادی کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔

گرپتونت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ آزاد پنجاب یعنی خالصتان ہی پاکستان کے سیاسی اور معاشی مسائل کا حل ہے کیونکہ خالصتان بننے کے بعد پاکستان میں بھی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان چاہے تو بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد حملے کو اقوام متحدہ میں لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آج صرف اپنی فوج کی بدولت قائم ہے عموما سیاستدان دونوں ممالک میں صرف کرسی بچانے میں مصروف رہتے ہیں تاہم پاکستان کے موجودہ وزیراعظم کو انہوں نے مخلص قرار دیا۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے پاکستان زندہ باد اور خالصتان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور بھارت کی سکھ دشمن پالیسیوں،'' را'' کی بین الاقوامی سازشوں اور مودی حکومت کے خلاف امریکا و کینیڈا میں جاری تحقیقات کا بھی ذکر کیا۔ گرپتونت سنگھ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی کی لڑائی لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو غلط فہمی ہے کہ وہ نہیں ٹوٹے گا پہلے پنجاب آزاد ہوگا پھر کشمیرآزاد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مودی، امیت شاہ ، اجیت ڈوول ، راج ناتھ سنگھ اور جے شنکر یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نہ صرف بھارت میں دہشت گردی کی بلکہ وہ پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ پہلگام واقعہ میں ہندوئوں کو قتل کیاگیا لیکن اس کے پیچھے بھارتی حکومت ہے، اس سے مودی کو فائدہ ہونا تھا لیکن بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ کینیڈا اورامریکا میں بھی مودی ٹولے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔