Live Updates

بھارت نے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کردیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاؤنٹ بھی بند کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 مئی 2025 15:33

بھارت نے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کردیا
اسلام آباد/نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2025ء ) بھارت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا بھی ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند کردیا گیا ہے، علاوہ ازیں بھارت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ایکس اکاؤنٹ کو بلاک کردیا ہے۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام تو پاکستان پر دھر دیا لیکن سچائی سامنے آنے پر اب سخت گھبراہٹ کا شکار ہے، پہلگام واقعے پر بھارت کے حالیہ اقدامات پاکستانی موقف کو تقویت دے رہے ہیں، بھارت کے پاس فیس سیونگ کا کوئی راستہ نہیں بچا، بھارت کو شواہد پیش کرنے چاہیں نہ کہ سنسرشپ کا راستہ اپنائے، تنقیدی آوازوں کو دبانے کی کوششیں ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر تشویش کو بڑھا رہی ہیں، مودی سرکار سن لو! آوازیں دبانے سے سچ چھپتا نہیں، بلاول پاکستان کے عوام کی آواز ہیں، ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنا بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھارت نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا بھی ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا تھا، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے عالمی میڈیا میں بھارت کے ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام پر مظالم کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جس پر ردعمل میں بھارت نے ان کا اکاؤنٹ بھی بند کر کے اپنی عدم برداشت کا عملی مظاہرہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے ایک حالیہ بین الاقوامی انٹرویو میں بھارت کے ”جمہوری چہرے“ کے پیچھے چھپے ظلم و ستم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مگر اپنے ہی شہریوں، بالخصوص کشمیریوں، کو بنیادی حقوق سے محروم رکھتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ مودی حکومت نے یہ اقدام 30 اپریل کو عطا تارڑ کی ہنگامی پریس کانفرنس کے نتیجے میں اٹھایا، جس میں انہوں نے بھارت کے جنگی عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ بھارتی افواج 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان پر حملہ آور ہو سکتی ہیں، قابلِ بھروسہ اطلاعات کی بنیاد پر ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت ایک خطرناک جنگی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات