مشعال ملک کاسینیٹر پروفیسر ساجد میر کی وفات پر اظہار تعزیت

منگل 6 مئی 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) چیئرمین پیس اینڈ کلچر اورکشمیری حریت پسند راہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے منگل کے روز مرکز اہل حدیث راوی روڈ کا دورہ کیا ، قائمقام امیر مولانا علی محمد ابوتراب ، علامہ معتصم الہی ظہیر، سید عتیق الرحمن شاہ اورمحمد علی یزدانی سے ملاقات میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ۔

مشعال ملک نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی ناگہانی وفات پر دِلی رنج ہوا،پروفیسر ساجد میر کی دینی، علمی اور پارلیمانی خدمات ناقابل فراموش ہیں ،میں دکھ کی اِس گھڑی میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔ اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیسر ساجدمیر کشمیر کاز پر ایک موثر آواز تھے جنہوں پارلیمنٹ، رابطہ عالم اسلامی سمیت دنیا کے ہر فورم پر مضبوط مقدمہ پیش کیا ۔

بعد ازاں مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن پہلگام سمیت دیگر کئی ایسے واقعات میں مودی سرکار خود بنیفشیری نکلی ہے،2000 میں مودی سرکار نے سکھوں کو ٹارگٹ کرکے سکھوں کی تحریک اور کشمیریوں کی تحریک کو کمزور کرنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے پاکستان پر الزام عائد کیا ۔مشعال ملک نے کہا کہ اب بھارت نے یہ فالس فلیگ آپریشن کر کے خود اپنے ہی لوگوں کو بھی مارا جس میں ٹورسٹ اور کشمیر کے لوگ بھی شامل تھے ۔

مشعال ملک نے کہا کہ اس واقعہ کے 10منٹ کے اندر فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دینا اور اسی پر فوری ایف آئی آردے کر کشمیری لوگوں اور پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا کر جبری طور پر پاکستان پر ایک جنگ مسلط کر دینا بالکل غلط ہے، یہ ہر بار اسی طرح کے فالس فلیگ آپریشن کر کے الزامات پاکستان پرلگاتے ہیں ۔ مشعال ملک نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہر جگہ بھارت دہشت گردی کر رہا ہے، آ ر ایس ایس کا نظریہ پوری دنیا میں پھیلایا جا رہا ہے۔اسی نظریہ کی وجہ سے میری والدہ بھی شہید ہوئی ہیں جس میں انہیں بھی زہر دے کر مارا گیا۔