Live Updates

مودی دہشتگرد سوچ کا مالک ہے اس کو جلد یا بدیر عالمی سطح پر جوابدہ ہونا پڑےگا

بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو پاک فوج دو قدم آگے بڑھ کر مقابلہ کرے گی، بھارت کی فوج کے پاس مہنگے جہاز تو ہیں لیکن جذبہ نہیں، ہماری فضائیہ نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا۔ ترجمان پیپلزپارٹی شازیہ مری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 مئی 2025 19:59

مودی دہشتگرد سوچ کا مالک ہے اس کو جلد یا بدیر عالمی سطح پر جوابدہ ہونا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مئی 2025ء ) پاکستان پیپلز پارٹی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے سنگین غلطی کی ہے اور اب پاکستان کے پاس بھرپور جواب دینے کا حق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کی ابتدا کی، جبکہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں کارروائی کی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا، دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے گئے جبکہ پاک افواج نے بھارت کے کسی سویلین کو نشانہ نہیں بنایا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی ہماری تحمل مزاجی کو کمزوری نہ سمجھے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی مسلح افواج چوکنا، پرعزم اور مکمل طور پر تیار ہیں۔

ہمارے آسمان محفوظ ہیں، ہماری سرحدیں بہادری سے سیل ہیں۔ ہماری قوم کراچی سے خیبر تک اور لاہور سے لاڑکانہ تک متحد ہے۔ ہم جس تلوار کو اٹھاتے ہیں وہ صرف اس وقت اٹھتی ہے جب امن کو خطرہ ہو، اور جب یہ تلوار اٹھتی ہے تو کبھی خطا نہیں کرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پوری قوم کے ساتھ مل کر پاکستان کی مسلح افواج خصوصاً پاک فضائیہ کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

ہماری فضائیہ نے حالات میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور ملک کی فضاؤں کا بہادری سے دفاع کیا۔ پاک فوج، فضائیہ اور تمام سیکیورٹی ادارے ہمارے فخر اور سلامتی کے ضامن ہیں۔ شازیہ مری نے بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فوج کے پاس مہنگے جہاز تو ہیں لیکن جذبہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لاکھوں بھارتی فوجی تعینات ہیں، اس کے باوجود بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہا، جہاں دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔

لیکن بھارت نے اپنی ناکامی کا بدلہ بے گناہ پاکستانی شہریوں سے لیا اور بغیر کسی وجہ کے پاکستان کے اندر حملہ کر کے 26 معصوم پاکستانیوں کو شہید کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 22 اپریل کو فالس فلیگ آپریشن کیا جس پر پاکستان کے وزیراعظم نے غیر جانبدار تحقیقات کی درخواست دی، جسے پاکستان پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ بھارت پہلگام واقعے پر اب تک کوئی معتبر ثبوت فراہم نہیں کر سکا، جو بھارتی سیکیورٹی کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

شازیہ مری نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی بزدلانہ حرکت کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی جنگی جنونیت نے بھارت میں خاندانی بچھڑنے کے المناک مناظر پیدا کیے ہیں اور مودی کو جلد یا بدیر عالمی سطح پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

مہیش کمار ملانی نے کہا کہ مودی ایک دہشت گرد سوچ کا مالک ہے اور بھارت کے جمہوریت پسند لوگ بھی اسے پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم اقلیتیں مکمل تحفظ اور سکون کے ساتھ رہ رہی ہیں اور اگر بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو پاکستان کی فوج دو قدم آگے بڑھ کر اس کا مقابلہ کرے گی۔ آغا رفیع اللہ نے کہا کہ پاک فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ خطے میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات