بھارت دو منہ والا سانپ اور مودی سند یافتہ دہشت گرد ہے،فاروق حیدر

لائن آف کنٹرول عبور کرنے پر کوئی پابندی نہیں،عبور کرنے سے دریغ نہیں کرینگے،سابق وزیر اعظم

جمعہ 9 مئی 2025 22:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء)ساسابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان دو منہ والا سانپ اور مودی سند یافتہ دہشت گرد اور مسلمانوں کا قاتل ہے ،پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی جانب سے 3ہزار نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا درجنوں مکانات تباہ کردیئے گئے،مودی غزہ طرز پر کاروائی کرنا چاہتا ہے اسرائیل اور ہندوستان پاکستان کے خلاف ایک ہیں ،پاکستان کی افواج کے منہ توڑ جواب نے مودی اور اسرائیل کے عزائم خاک میں ملا دیئے،48 سال کی شادی شدہ خواتین کو مقبوضہ کشمیر سے جبری طور پر واپس بھیجنا انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے ،ہندوستان بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے ،حکومت پاکستان ہندوستان کی جارحیت کے ساتھ ساتھ انسانیت دشمنی کی یہ بدترین مثالیں بھی دنیا کے سامنے رکھے ،بحیثیت کشمیری ہمارے اوپر لائن آف کنٹرول عبور کرنے پر کوئی پابندی نہیں اگر حالات یہی رہے تو ہم لائن آف کنٹرول عبور کرنے سے دریغ نہیں کرینگے ۔