Live Updates

یوسف رضا گیلانی کی متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی کونسل کے پہلے نائب سپیکر سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

جمعہ 9 مئی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی کونسل (FNC) کے پہلے نائب سپیکر ڈاکٹر طارق حمید الطائر سے متحدہ عرب امارات میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ کا استقبال ڈاکٹر الطائر اور وفاقی کونسل کے معزز ارکان نے کیا۔ یہ پارلیمانی سفارتکاری اور علاقائی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم ملاقات تھی۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر الطائر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور قیادت یو اے ای کی قیادت اور عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی بصیرت افروز قیادت، بالخصوص صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے کیے گئے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قلیل وقت میں ملاقات کے انعقاد پر ڈاکٹر الطائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور یو اے ای کے مابین گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان عالمی سطح پر مشترکہ مؤقف اور عوامی روابط کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی اقتصادی شراکت داری، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی امداد کے شعبوں میں کردار کو سراہا۔

انہوں نے قدرتی آفات سیلاب، زلزلے اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے یو اے ای کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے نے 17 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو دوطرفہ تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے علاقائی امن میں پارلیمانی سفارتکاری کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے بطور بانی چیئرمین انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس، متحدہ عرب امارات کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ یہ ان کی بطور چیئرمین پہلی دوطرفہ ملاقات تھی، جو اس کے علامتی اور تزویراتی پہلو کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے پاکستان-یو اے ای پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ذریعے پارلیمانی روابط کو تیز کرنے کی تجویز دی، جس پر یو اے ای کے نائب صدر نے سینیٹ آف پاکستان اور وفاقی قومی کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے تعاون کو باقاعدہ بنانے پر آمادگی ظاہر کی، تاکہ باضابطہ مکالمہ اور گہرے تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔علاقائی تناظر پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پارلیمانی و سفارتی ذرائع سے معمول کے تعلقات کی بحالی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا دار و مدار مسئلہ مقبوضہ کشمیر کے حل پر ہے۔

انہوں نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کو خطے کے آبی تحفظ کے لیے خطرہ قرار دیا۔ حالیہ پیش رفت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا، جو ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر طارق حمید الطائر نے یقین دہانی کرائی کہ یو اے ای کی قیادت پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو معمول پر لانے میں اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای دونوں ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے پٴْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے دانشمندی سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ کشمیر ایک مرکزی مسئلہ ہے اور باہمی احترام، مکالمے اور تعمیری روابط پر مبنی کوششوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔

اس اہم ملاقات میں پاکستان کے متحدہ عرب امارات میں سفیر محترم فیصل نیاز ترمذی، پاکستان مشن کے سینئر سفارت کار اور وفاقی کونسل کے معزز ارکان نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ پارلیمانی روابط کو وسعت دیں گے، اقتصادی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے، اور خطے میں امن، خوشحالی اور سفارتی تعاون کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات