وزیراعظم کا سیاسی رہنماﺅں سے ٹیلی فونک رابطہ،آپریشن بنیان مرصوص پر اعتماد میں لیا

شہباز شریف نے بلاول بھٹو،مولانافضل الرحمان، بیرسٹرگوہر، خالد مقبول ، حافظ نعیم الرحمان، خالد مگسی اور چوہدری سالک حسین سے رابطہ کرکے بھارت کے حملے، پیش آنے والی صورت حال اور بھارت کو دئیے جانے والے جواب کی تفصیلات سے آگاہ کیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 10 مئی 2025 11:54

وزیراعظم کا سیاسی رہنماﺅں سے ٹیلی فونک رابطہ،آپریشن بنیان مرصوص پر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 مئی 2025)پاکستان بھارت کشیدگی اور ملک کی موجودہ صورتحال پروزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنماﺅں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں آپریشن بنیان مرصوص پر اعتماد میں لیا،وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی اور چوہدری سالک حسین کو فون اور بھارت کےخلاف جوابی کارروائی کے سلسلے میں اعتماد میں لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو بتایا کہ الحمدللہ! افواج پاکستان نے بھارت کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کئے جس کے باوجود پاکستان نے تحمل سے کام لیا اور پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا۔وزیراعظم نے ملکی سیاسی قیادت کو بھارت کے حملے، پیش آنے والی صورت حال اور بھارت کو دئیے جانے والے جواب کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے نور خان ایئربیس سمیت متعدد مقامات پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کا پاک افواج نے انتہائی موثر اور کامیاب جواب دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت کی وہ ملٹری تنصیبات نشانہ بنائی گئیں جن سے پاکستان پر حملے کئے گئے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور پوری قوم کو کامیاب جوابی کارروائی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے سیاسی قیادت کا واضح الفاظ میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قومی اتحاد کی علامت ہے۔وزیر اعظم نے رہنماوں کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور جوابی اقدامات پر اعتماد میں لیا، جبکہ سیاسی قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جرآت مندانہ ردعمل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تمام سیاسی رہنماوں نے قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔