Live Updates

اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جارحیت کے مترادف ہوگی،جموں وکشمیرکونسل

اتوار 11 مئی 2025 17:10

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)جموں و کشمیر کونسل فار ہیومن رائٹس نے جو اقوام متحدہ سے منسلک ایک غیر سرکاری تنظیم ہے ،بھارت کو خبردارکیاہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جارحیت کے مترادف ہوگی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیم نے نئی دہلی کو خبردار کیا کہ اگر اس نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کی تو سنگین قانونی، اخلاقی اور انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔

جے کے سی ایچ آر کے صدر ڈاکٹر سید نذیر گیلانی نے ایک بیان میں کہاکہ 1960میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کی کوئی بھی خلاف ورزی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314(1974)کے تحت جارحیت کے مترادف ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کہ معاہدے میں شامل دریا جموں و کشمیر سے نکلتے ہیں جو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور یہ بھارت کی نہیں بلکہ کشمیری عوام کی ملکیت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دریائوں کے بہا ئومیں خلل ڈالنے سے کنٹرول لائن کے دونوں ا طراف کشمیریوں کا ذریعہ معاش تباہ ہو جائے گا اور زراعت، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہو گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کو ہتھیارکے طورپر استعمال کرنے سے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا اور عرب اور اسلامی ممالک کی طرف سے شدید ردعمل ہوگا۔سید نذیر گیلانی نے بھارت اور پاکستان پر زوردیاکہ وہ پانی اور دیگر تنازعات کو بات چیت، بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کے تحت حل کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات