Live Updates

جوناگڑھ ہاؤس میں پاک فوج کو سلام، شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کاانعقاد

دشمن ہماری جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کرے یا نظریاتی سرحدوں پرہر میدان میں شکست دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں،علی مرتضیٰ خانجی

پیر 12 مئی 2025 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) موجودہ جنگی حالات میں پاکستان کی افواج کی شاندار حکمت عملی، قربانیوں اور دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے پر جوناگڑھ ہاؤس میں تقریب کاانعقادکیاگیا جس میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی، شہداء کوخراج عقیدت اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا اوراس موقع پر ریاست جوناگڑھ پر بھارتی قبضے کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

تقریب کی صدارت نواب آف جوناگڑھ علی مرتضیٰ خانجی نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی مرتضیٰ خانجی نے کہاکہ پاکستانی قوم اور افواج نے مل کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک زندہ اور ایمان سے سرشار قوم ہیں،دشمن ہماری جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کرے یا نظریاتی سرحدوں پر ہر میدان میں اسے شکست دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جس طرح کشمیر اور جوناگڑھ پر ناجائز قبضہ کیاہواہے اس کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے،اس سلسلے میں ہمیں اپنی جدوجہدتیزکرنے کی ضرورت ہے۔

جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل قاضی مصطفی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی عسکری فتح نے صرف دشمن کو خاموش نہیں کیا بلکہ امت مسلمہ کو بھی نئی امید دی ہے،جوناگڑھ کے غیور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیںاور ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیرکی طرح ریاست جوناگڑھ کا مقدمہ بھی اقوام متحدہ سمیت عالمی پلیٹ فارمز پر پوری قوت سے پیش کیا جائے۔

نائب دیوان معین خان نے کہا کہ جوناگڑھ پاکستان کا حصہ تھا ہے اور رہے گا، اب وقت آ گیا ہے کہ اس تاریخ کو صرف کتابوں میں نہ رکھا جائے بلکہ عالمی سطح پر اس کو عملی طور پر زندہ کیا جائے۔امین خان لودھی، بشیر منشی، عارف ملک، عامر الامین عرب اور یوسف شیخ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ یہ فوج صرف ایک عسکری قوت نہیں بلکہ ایک نظریاتی محافظ ہے ہم پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ جوناگڑھ کی عوام ان کے ساتھ ہر میدان میں کھڑی ہے۔

بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ریاست جوناگڑھ پر اپنے قبضے کو فوری طور پر ختم کرے۔تقریب میں جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے وفد نے خصوصی دعوت پر شرکت کی، جس میں یوسف شیخ، عامر الامین عرب، جنید شیخ شریک تھے، جب کہ رابطہ کمیٹی کی نمائندگی امین خان لودھی (کنوینر)، عارف ملک جبکہ ہاؤس کی نمائندگی نائب دیوان معین خان اور اے ڈی سی عقیل خان نے کی۔آخر میں تمام شرکاء نے پاک فوج کی فتح پر شکر ادا کیا، شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ''پاکستان زندہ باد ط جوناگڑھ آزاد ہوگا'' کے نعرے لگائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات