جنگ بالی وڈ فلم نہیں ہوتی، سابق بھارتی آرمی چیف

منگل 13 مئی 2025 11:39

جنگ بالی وڈ فلم نہیں ہوتی،  سابق بھارتی آرمی چیف
نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) سابق بھارتی آرمی چیف، جنرل منوج مکند نروانے جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا اینکرز سے کہا ہے کہ جنگ بالی و ڈ فلم نہیں،انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنرل نروانے نے ان خیالات کا اظہارپونے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اکانٹنٹس آف انڈیا کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب کے دوران حال ہی میں ختم ہونے والی پاک بھارت جنگ کے پس منظر میں کیا۔

جنگ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنرل نروانے نے کہا کہ جنگیں بالی و ڈ فلموں کی طرح نہیں ہوتیں۔ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور نقصانات ہوتے ہیں ۔ جنگ کی وجہ سے بچے اپنے والدین سے محروم ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات بچے بھی جنگ کا ایندھن بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بعد یہ دیکھنا باقی ہے کہ یہاں سے معاملات کیا رخ اختیار کر تے ہیں ۔

جنرل نروانے نے کہاکہ آئندہ دنوں میں چیزیں کس طرح سامنے آتی ہیں۔انہوں نے جنگ کے باعث ہونے والی تباہی اور مالی نقصانات کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں لاکھوں ڈالر مالیت کے ہتھیار استعمال کرنا پڑتے ہیں جس کے باعث تعمیر نو کے طویل مدتی منصوبوں میں خلل پڑتا ہے ۔جنرل نروانے نے جنگ کے دوران سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہ جنگ کی بجائے سفارت کاری پہلی ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بطور فوجی اگر حکم دیا گیا تووہ ضرور جنگ میں جائیں گے لیکن یہ ان کی پہلی ترجیح نہیں ہوگی ۔